حکومت سے فائیو جی سپیکٹرم کی نیلامی رمضان سے قبل کرنے کی درخواست کی جائے گی
امیدہے فا ئیو جی سپیکٹرم نیلامی میں مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کار بھرپور دلچسپی لیں گے
اسلام آباد(آئی این پی) پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے چیئرمین میجر جنر ل (ر) حفیظ الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان میں فائیو جی اسپیکٹرم نیلامی کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور ملک میں فائیو جی سروسز کے آغاز کی راہ ہموار ہو چکی ہے۔ صحافیو ں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فائیو جی ٹیکنالوجی کے ذریعے پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل میں ایک نیا باب کھلے گا اور صارفین کو تیز رفتار اور جدید سہولیات میسر آئیں گی۔چیئرمین پی ٹی اے نے بتایا کہ اتھارٹی حکومت سے درخواست کرے گی کہ فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی رمضان المبارک سے قبل منعقد کی جائے تاکہ ٹیلی کام سیکٹر میں سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے۔ فائیو جی نیلامی سے متعلق انفارمیشن میمورنڈم آئندہ 10 سے 15 روز میں جاری کر دیا جائے گا، جس میں نیلامی کے قواعد و ضوابط، دستیاب اسپیکٹرم اور دیگر تکنیکی تفصیلات شامل ہوں گی۔