کشتی حادثہ ،ملوث سمگلرز کی گرفتاری کیلئے3ٹیمیں تشکیل

کشتی حادثہ کے 18 متاثرین نے فیصل آباد ایئرپورٹ سے بیرون ملک سفر کیا 
 لاہور،اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)یونان کشتی حادثہ میں جاں بحق ہونیوالوں کے سہولت کار انسانی سمگلرز کی گرفتاری کیلئے ایف آئی اے لاہور نے 3 ٹیمیں تشکیل دیدیں جبکہ انسانی سمگلرز کیخلاف مقدمہ درج کرکے فیصل آباد سرکل نے غفلت برتنے پر اپنے2 افسروں کو گرفتار کرلیا۔ذرائع کے مطابق ملزموں کی گرفتاری کیلئے ٹیموں کو فیلڈ میں بھیج دیا گیاہے،چھاپہ مار ٹیموں کو جہاں بھی ملزموں کا سراغ ملا کارروائی کر سکیں گی۔ ایف ائی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کا عملہ گزشتہ پوری رات ڈیوٹی پر موجود رہا ، کوئی مرد افسر یا ملازم دفتر نہیں رہا،سب فیلڈ میں ہیں۔ ٹیموں کو انسپکٹر غضنفر عباس، ملک تصدق اور محسن عقیل لیڈ کر رہے ہیں۔سینئر آفیسر نے بتایا اسلام آباد سے ہدایات ہیں کہ فوری کارروائی کریں۔دریں اثنا ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل فیصل آباد سے جاری بیان کے مطابق نے یونان کشتی حادثہ یرسمگلنگ میں ملوث 3انسانی سمگلرز کیخلاف مقدمہ درج کرکے غفلت برتنے پر اپنے 2 افسروں انسپکٹر زبیر اشرف اور سب انسپکٹر شاہد عمران کو گرفتار کر لیا ہے جو فیصل آباد ایئرپورٹ پر بطور شفٹ انچارج تعینات تھے ، انہوں نے دوران ڈیوٹی مسافروں کی سکریننگ میں غفلت کا مظاہرہ کیا۔اعلامیہ کے مطابق یونان کشتی حادثہ کے 18 متاثرین نے فیصل آباد ایئرپورٹ سے بیرون ملک سفر کیا۔