احمد نواز، محمد ارشد، مظہر خان اور منشا 2023میں پیش آنے والے لیبیا کشتی حادثے میں ملوث ، ملزمان سادہ لوح شہریوں کو غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک بھیجنے میں ملوث پائے گئے
اسلام آباد (آئی این پی )وفاقی تحقیقاتی ادارے کے اسلام آباد زون نے لیبیا کشتی حادثے میں ملوث انتہائی مطلوب بدنام زمانہ انسانی سمگلروں سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا ۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار کیے گئے ملزمان کی شناخت محمد ارشد، صہیب علی حشمت، احمد نواز ، ذوالفقار ، مظہر خان اور منشا کے ناموں سے ہوئی ہے۔ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم احمد نواز، محمد ارشد، مظہر خان اور منشا سال 2023میں پیش آنے والے لیبیا کشتی حادثے میں ملوث ہیں، یہ ملزمان سادہ لوح شہریوں کو غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک بھیجنے میں ملوث پائے گئے ہیں۔ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ ملزمان کو سرگودھا، فیصل آباد اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں سے کارروائیاں کرکے گرفتار کیا گیا، ملزم احمد نواز کو چھاپہ مار کاروائی میں سرگودھا سے پکڑا گیا، ملزم ا نسانی سمگلنگ میں ملوث بین الاقوامی گینگ کا رکن ہے، جس کے کے خلاف انسدادِ انسانی سمگلنگ راولپنڈی میں متعدد مقدمات درج ہیں۔ملزم احمد نواز نے لیبیا کشتی حادثے کے 9متاثرین سے مجموعی طور پر 5کروڑ 16لاکھ روپے ہتھیائے تھے، لیبیا میں متاثرین کو سیف ہائوسز میں رکھا گیا اور بعد ازاں کشتی کے ذریعے یورپ بھجوانے کی کوشش کی گئی، اس دوران کشتی حادثے میں تمام متاثرین کی موت واقع ہوگئی تھی۔ایف آئی اے کے مطابق اشتہاری ملزم منشا کو ضلع جھنگ میں قصور شہر سے گرفتار کیا گیا، یہ ملزم لیبیا کشتی حادثے کے مقدمے میں نامزد ہے، ملزم کو تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے 3مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائیاں کرنے کے بعد پکڑنا ممکن ہوا۔گرفتار ملزم مظہر خان بھی لیبیا کشتی حادثے میں ملوث ہے، اس کے خلاف 2023میں متعدد مقدمات درج کیے گئے، ملزم بیرون ملک ملازمت کا جھانسادے کر سادہ لوح شہریوں کو غیر قانونی طور پر یورپ اور دیگر ممالک بھجوانے میں ملوث پایا گیا۔ترجمان کے مطابق بدنام زمانہ ایجنٹ صہیب علی حشمت کو چھاپہ مار کارروائی میں ای الیون اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا، یہ ملزم اشتہاری ہے اور انسانی سمگلنگ کے کئی مقدمات میں نامزد ہونے کے علاوہ ویزا فراڈ میں بھی ملوث ہے، ملزم پولینڈ ، یونان ، کینیڈا اور لیٹویا جیسے ممالک میں ٹریفکنگ اور انسانی سمگلنگ میں ملوث پایا گیا ہے۔ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم صہیب اینٹی منی لانڈرنگ سرکل فیصل آباد کی مطلوب ملزمان کی فہرست میں بھی شامل ہے۔وفاقی تحقیقاتی ادارے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ انتہائی مطلوب انسانی سمگلر ذوالفقار کو اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا، ملزم متعدد مقدمات میں نامزد اور اشتہاری ہے، ملزم نے شہریوں سے غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھجوانے کے نام پر لاکھوں روپے بٹورے۔ایف آئی اے کی جانب سے ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا، دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔