پنجاب کی وزیرِ اعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ صوبے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور آئی ٹی کے فروغ کے لیے اہم اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے یہ باتیں آئی ٹی بورڈ اور سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ دنیا میں ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے بغیر کچھ ممکن نہیں، اور تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب کی تمام وزارتوں اور محکموں کو ایک پورٹل پر لایا گیا ہے۔ اس کے تحت اب 1 لاکھ 17 ہزار کاروباروں کو اجازت دی جا چکی ہے، جس پر عوام حیران ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 15 دن کے اندر کاروباری اجازت ملنے کا تصور بھی محال تھا۔وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کی کاروباری برادری ان کے لیے بہت اہم ہے، اور شہریوں کو دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں، بلکہ آن لائن درخواستیں دی جائیں اور کام بھی آن لائن مکمل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شہری ’مریم کی دستک‘ پر درخواست دے سکتے ہیں، جس کے ذریعے 2 سے 3 دن میں دستاویزات گھروں تک پہنچ جائیں گی۔
مریم نواز نے مزید بتایا کہ بارش کے پانی کی نکاس کے لیے سیوریج نظام کو بہتر بنایا جا رہا ہے اور جدید خطوط پر نکاسِ آب کا نظام قائم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گجرات میں ریکارڈ بارش کے بعد بھی پانی دو گھنٹے میں نکال دیا گیا، اور اب پنجاب کے کسی بھی شہر میں پانی ہفتوں تک نہیں کھڑا ہوتا۔ ہنگامی بنیادوں پر نکاسِ آب کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ہر شہر کی نگرانی کی جا رہی ہے، اور گٹر کا ڈھکن لگانے کے بعد رات کو کوئی گدھا گاڑی والا اسے اٹھا کر لے جاتا ہے۔وزیرِ اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ پنجاب سے بدعنوان عناصر کا خاتمہ کیا جا چکا ہے، اور قوم کے پیسے کو رشوت اور کرپشن کی نظر ہونے سے بچایا جا رہا ہے۔