جاپانی سرمایہ کار پنجاب میں مینوفیکچرنگ اور اسمبلنگ کے منصوبے لگائیں:مریم نواز

جاپانی سرمایہ کار پنجاب میں مینوفیکچرنگ اور اسمبلنگ کے منصوبے لگائیں:مریم نواز

وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جاپان کے بیرونی تجارت کے ادارے کے صدر سے ملاقات ہوئی، جس میں انہوں نے جاپانی سرمایہ کاروں کو پنجاب کے اسپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

اعلامیے کے مطابق مریم نواز نے جاپانی کمپنیوں کو نجی اور سرکاری شعبے کے ساتھ مشترکہ منصوبے شروع کرنے کی بھی پیشکش کی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس فری اسپیشل اکنامک زونز میں زمین مفت فراہم کرنے کی سہولت دی جا رہی ہے۔وزیرِاعلیٰ نے کہا کہ جاپانی سرمایہ کار پنجاب میں مصنوعات کی تیاری اور اسمبلنگ کے پلانٹس لگائیں، کیونکہ پنجاب مشرقِ وسطیٰ اور افریقہ کے لیے مینوفیکچرنگ کا مرکز بن سکتا ہے۔مریم نواز نے جاپانی کمپنیوں کو نواز شریف آئی ٹی سٹی میں آئی ٹی پارکس بنانے کی دعوت بھی دی اور کہا کہ پاکستان نوجوانوں کی اکثریت والا ملک ہے، جاپانی کمپنیاں انہیں ہنر مند بنانے میں تعاون کریں، اور پنجاب کو جاپان کی طرز پر ٹیکنالوجی کی بلندیوں پر لے جانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب جاپان کو سرجیکل آلات، لیدر مصنوعات اور کھیلوں کا سامان فراہم کر سکتا ہے، اور باسمتی رائس کی برآمدات بڑھانے میں دلچسپی رکھتا ہے۔مریم نواز نے بتایا کہ پنجاب میں 20 آپریشنل اسپیشل اکنامک زون غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے دستیاب ہیں، جو جاپانی سرمایہ کاروں کے لیے بہترین مواقع فراہم کرتے ہیں۔