سیشن کورٹ، منشیات برآمدگی کیس،ملزمان کو20،20 سال قید

عدالت نے جرم ثابت ہونے پر ملزمان کو 8،8 لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی
لاہور (کرائم رپورٹر) سیشن کورٹ لاہور نے 35 کلو گرام چرس اور 14 کلو گرام افیون برآمدگی کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے ایک مرد اور دو خواتین ملزمان کو مجموعی طور پر 20،20 سال قید کی سزا سنا دی ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج محمد اختر کلیار نے جرم ثابت ہونے پر ملزم عمران، فرزانہ اور مقدس کو 8،8 لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کیس کی سماعت کے دوران پراسیکیوٹر رانا اظہر امین نے استغاثہ کے گواہان کے بیان اور فرانزک لیبارٹری کی رپورٹ عدالت میں پیش کی، جس سے ملزمان کے خلاف بھاری مقدار میں منشیات کی موجودگی ثابت ہوئی۔عدالت نے پولیس کی جانب سے پیش کیے گئے ٹھوس شواہد، گواہوں کی شہادتوں اور فرانزک دلائل کی بنیاد پر تینوں ملزمان کو سزائیں سنائیں۔ فیصلہ سنائے جانے کے بعد پولیس نے محکوم ملزمان کو تحویل میں لے کر جیل منتقل کر دیا۔