وزیراعظم شہباز شریف نے آج صبح ساڑھے 10 بجے وزیراعظم ہاؤس میں وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس طلب کرلیا ہے۔
اس اجلاس میں ملک کی موجودہ معاشی، سیکیورٹی اور سیاسی صورتحال کا تفصیل سے جائزہ لیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق، اجلاس کا ایک اہم ایجنڈا پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا معاملہ ہے، جس کے سبب شہریوں پر اضافی بوجھ پڑنے کا خدشہ ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حال ہی میں اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے 14 اگست کو پٹرول اور ڈیزل پر ڈیلرز مارجن میں 15.51 فیصد اضافے کی منظوری دی تھی، جس کے تحت فی لیٹر ڈیلرز مارجن میں 1.34 روپے کا اضافہ کیا جائے گا۔ اس اضافے کے نتیجے میں دونوں مصنوعات پر مجموعی طور پر 2.68 روپے فی لیٹر کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ اس طرح، پٹرول اور ڈیزل پر ڈیلرز مارجن اب 9 روپے 98 پیسے فی لیٹر ہو جائے گا، جبکہ موجودہ مارجن 8 روپے 64 پیسے فی لیٹر ہے۔
کابینہ میں امکان ہے کہ پٹرول اور ڈیزل پر مارجن میں اضافے کی منظوری دی جائے گی، جس سے عوام پر مزید مالی بوجھ پڑے گا۔ اس کے علاوہ، اجلاس میں ملک کی مجموعی معاشی، سیکیورٹی اور سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ خطے کی حالیہ صورتحال، ملک میں امن و امان کی صورت حال اور دیگر اہم امور بھی زیر غور آئیں گے۔ذرائع کے مطابق، مختلف کابینہ کمیٹیوں کے فیصلوں کو بھی منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور کابینہ ارکان کو اجلاس سے متعلق آگاہ کر دیا گیا ہے۔ اس اہم اجلاس میں ملک کی آئندہ سیاسی اور معاشی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال متوقع ہے۔