فوج کا نام سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کا پراناسکرپٹ اب نہیں چلے گا:ترجمان سندھ حکومت
کراچی(آئی این پی ) ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے کہا ہے کہ کراچی کی چابی مانگنے والے شہر کو تقسیم اور لسانی سیاست میں دھکیلنا چاہتے ہیں۔اپنے بیان میں سعدیہ جاوید نے کہا کہ کراچی کی چابی مانگنے والے یاد رکھیں، شہر کے عوام اب کسی سیاسی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے۔ ٹائونز اور ڈویژنز کا راگ الاپنے والے کراچی کو دوبارہ تقسیم اور لسانی سیاست کی طرف دھکیلنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک بچانے کے نعرے لگانے والوں کا اصل مقصد اپنی گرتی ہوئی سیاست کو سہارا دینا اور اگلے بلدیاتی انتخابات میں سیاسی فائدہ حاصل کرنا ہے۔ بلدیاتی نظام پر لیکچر دینے والے پہلے اپنے دورِ میئرشپ اور مالی معاملات سے متعلق اٹھنے والے سوالات کا جواب دیں۔سعدیہ جاوید کا کہنا تھا کہ سندھ کو تقسیم کرنے کے خواب دیکھنے والے جان لیں کہ صوبے کی وحدت اور سرحدیں ناقابلِ تقسیم ہیں