کچھ لوگ ہمارے نوجوانوں کو انتہا پسندی کی طرف دھکیلنا چاہتے ہیں: بلاول بھٹو

خیبرپختونخوا میں امن کے قیام کیلئے صوبائی حکومت کواقدامات کرنے چاہئیں،  صوبے کی حکومت عوامی مسائل کے حل کی بجائے انتہا پسندانہ سیاست میں مصروف ہے
جماعتوں کو سیاسی ہم آہنگی پیدا کرنے کی ضرورت ہے، سیاسی قوتوں کے درمیان بات چیت ہی درپیش چیلنجز سے نمٹنے کا واحد اور موثرذریعہ ہے:لیاری میں تقریب سے خطاب
کراچی (بیورو رپورٹ‘ایجنسیاں)پاکستان پیپلزپارٹی   کے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کچھ لوگ پاکستان کے نوجوانوں کو انتہا پسندی کی طرف دھکیلنا چاہتے ہیں،تمام سیاسی جماعتوں کو سیاسی ہم آہنگی پیدا کرنے ضرورت ہے ۔جمعہ کو کراچی میں لیاری کے فٹبال گرانڈ میں پنک فٹبال ایونٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا   میں اپنے نوجوانوں کو ترقی کرتے ہوئے دیکھنا چاہتا ہوں، موجودہ ملکی حالات میں سیاسی جماعتوں قوتوں کے درمیان بات چیت ہی درپیش چیلنجز سے نمٹنے  کا واحد اور موثر حل ہے‘ خیبرپختونخوا میں امن کے قیام کے لیے صوبائی حکومت کواقدامات کرنے چاہئیں  تھے، خیبرپختونخوا حکومت عوامی مسائل کے حل کی بجائے انتہا پسندانہ سیاست میں مصروف ہے۔ خیبرپختونخواکے عوام کا پیسہ ان کوریلیف فراہم کرنے کے لیے خرچ ہوناچاہیے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کوآل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کے لیے دعوت دی گئی مگر وہ نہیں آئے، ہم خیبرپختونخوا کے عوام کے مسائل کے حل کیلئے  جدوجہد کرتے رہیں گے۔انہوںنے کہا کہ  لیاری کے فٹبال گرائونڈ میں آکر بہت خوشی محسوس کررہاہوں، لیاری میں  ایک بین الاقوامی طرز کا فٹبال گراونڈ قائم کیاگیاہے، یہ ہمارے لیے اعزاز ہے کہ سندھ بھرسے کھلاڑی لیاری آئے ہیں۔