برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی سے واپس کئے گئے 190ملین پاونڈز سپریم کورٹ سے وفاقی حکومت کے اکاؤنٹ میں منتقل‘ وزیراعظم کا چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کا شکریہ

یقینی بنایا جائے ناجائز منافع خور سزا سے نہ بچیں شہبازشریف

190 ملین پائونڈز سے دانش یونیورسٹی بنائیں گے، چیف جسٹس کی جانب سے کہا گیا ہے یہ پیسہ حکومت  اور عوام کا ہے تو پھر حکومت جس طرح چاہے عوامی بہبود کیلئے یہ پیسہ استعمال کر سکتی ہے؛ سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں گفتگو
دہشتگردی نے پھر زور سے سر اٹھایا ہے، مکمل امن کے بغیر ترقی ممکن نہیں، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کیخلاف جنگ جاری ہے، کابینہ میں نئے ارکان کی شمولیت سے کارکردگی  بہتر ہوگی:کابینہ اجلاس سے خطاب

اسلام آباد (آئی این پی )وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے    یقینی بنایا جائے کہ کوئی بھی منافع خور سزا سے بچ نہ پائے اور کوئی بے گناہ زیر عتاب نہ آئے، ماہ رمضان میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ وزیرا عظم آفس سے  جاری  اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں رمضان المبارک کے دوران اشیا خوردونوش ارزاں قیمتوں پر فراہم کرنے کے لیے قائم کردہ کمیٹی کی کارکردگی کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔وزیراعظم نے رمضان المبارک میں اشیا خوردونوش کی قیمتیں کنٹرول کرنے اور عوام کو اشیائے ضروریہ کم نرخوں پر دستیابی پر کمیٹی اور اسلام آباد انتظامیہ کی کاکردگی کو سراہا   وزیراعظم  نے  نے ہدایت دی کہ عوامی نمائندے اور وفاقی وزرا سستی اشیائے ضروریہ کی عوام کی فراہمی کیلئے اسلام آباد میں قائم رمضان بازار ، سہولت اسٹالز اور دیگر  مختص مقامات کے دورے یقینی بنائیں، پرائس کنٹرول کے نظام کی مسلسل نگرانی کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف کی فراہمی میں کوئی کمی نہ آئے‘دریں اثناء  شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی نے پھر سر اٹھایا ہے، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری ہے،جب تک مکمل طور پر امن قائم نہیں ہوگا، ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کابینہ میں توسیع کے بعد یہ پہلا اجلاس ہے، ہمیں ترقی کی جانب دوڑ لگانی ہوگی، امید ہے پاکستان کی ترقی کے لیے آپ شبانہ روز محنت کریں گے، کابینہ میں نئے ارکان کی شمولیت سے کارکردگی مزید بہتر ہوگی، وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ مجھے یقین کامل ہے کہ نئے وزرا دن رات کاوشیں کرکے اپنی اپنی وزارتوں میں خوشحالی کا انقلاب لے کر آئیں گے، پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا جو بیڑہ ہم نے اٹھایا ہے اس میں سب برابر کے شریک ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی معاونت اور آپ کی محنت سے میکرو اکنامک استحکام آیا، ابھی تک معاملات تسلی بخش اور اچھے طریقے سے آگے بڑھ رہے ہیں، آئی ایم ایف پروگرام پاکستان کی ترقی کے لیے اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر تین ماہ بعد وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا اور وزارتوں کی کارکردگی سے متعلق قوم کو آگاہ کیا جائے گا، منتخب نمائندے قوم کی خدمت کے لیے ہیں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی نے پھر سر اٹھایا ہے، خیبرپختون خوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری ہے‘برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی کی طرف سے پاکستان کو واپس کیے گئے  190 ملین پاونڈز سپریم کورٹ سے وفاقی حکومت کے اکاؤنٹ میں منتقل کر دیئے گئے ہیں اور وزیراعظم شہبازشریف نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ  دانش یونیورسٹی ایک ایسی درسگاہ ہو گی جہاں مستحق اور لائق طلبا کو اعلی درجے کی تحقیق پر مبنی تعلیم سے آراستہ کیا جائے گااور یونیورسٹی کے لئے اسلام آباد میں زمین کے حصول کے لئے قانونی تقاضے جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔