ریٹیلر ایپ کا اجراء، چھوٹے دکانداروں کیلئے ٹیکس سکیم آسان بنا دی وزیر خزانہ

 تاجروں کو ہراساں نہیں کیا جائے گا،تاجروں کی خواہش تھی  ٹیکس اسکیم کو آسان اور سادہ بنایا جائے، مشاورت سے آگے بڑھ رہے ہیں :محمد اورنگزیب
چھوٹے دکاندار موبائل فون ایپ کے ذریعے ٹیکس ریٹرن فائل کر سکتے ہیں، سکیم کے ذریعے پوائنٹ آف سیلز سے استثنی دیا جائے گا :   بلال اظہر کیانی 
 اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے چھوٹے دکانداروں کے لئے ٹیکس اسکیم کا اجرا کرتے ہوئے کہا ہے  تاجروں کو ہراساں نہیں کیا جائے گا،تاجروں کی خواہش تھی ٹیکس اسکیم کو آسان اور سادہ بنایا جائے، مشاورت سے آگے بڑھ رہے ہیں ،  بجٹ سازی اور ٹیکس پالیسی کی تیاری میں پارلیمنٹ اور متعلقہ سٹیک ہولڈرز سے مشاورت ضروری ہے، حکومت ایسا نظام تشکیل دینا چاہتی ہے جس سے عوام کو سہولت ملے اور انہیں غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے  وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی کے  ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہر طبقے کو ساتھ لے کر چلنا ناگزیر ہے، کسی ایک طبقے کو نظرانداز کرکے ملک کا نظام نہیں چلایا جاسکتا، 25 سے 26 کروڑ آبادی کے ملک کو آسان اور بہتر نظام فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، جبکہ عوام کے لئے  نظام کو آسان اور موثر بنانا حکومت کی بنیادی ترجیح ہے‘۔وزیر خزانہ نے دکانداروں سے اپیل کی کہ وہ نئی سکیم میں شامل ہوکر اس سے بھرپور فائدہ اٹھائیں، جو لوگ سکیم سے فائدہ نہیں اٹھائیں گے، ان کے خلاف آئندہ ضروری اقدامات کئے   جائیں گے‘۔اس موقع پر وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی نے  کہا  چھوٹے دکاندار موبائل فون ایپ کے ذریعے ٹیکس ریٹرن فائل کر سکتے ہیں۔ موبائل فون کے ذریعے ٹیکس ادا کیا جا سکتا ہے ۔ اس اسکیم کے ذریعے پوائنٹ آف سیلز سے استثنی دیا جائے گا ۔ چھوٹے تاجروں کو گرین پلیٹ جاری کی جائے گی ۔انہوں نے بتایا کہ جس دکان پر گرین پلیٹ آویزاں ہوگی، وہاں ایف بی آر افسر داخل نہیں ہوگا ۔ چھوٹے دکانداروں کو 25 ہزار روپے کم از کم ادا کرنے ہوں گے ۔ گزشتہ 3 سالوں میں کسی بھی سال میں 20 کروڑ سے زیادہ کی سیل نہ ہو ۔ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ تاجر برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، تاجروں کی مشاورت اور رہنمائی سے نئی سکیم تیار کی گئی ہے