ہم سے بھی غلطیاں ہوئی ہیں، لیکن اب بس ہونا چاہیے: بیرسٹر گوہر

ہم سے بھی غلطیاں ہوئی ہیں، لیکن اب بس ہونا چاہیے: بیرسٹر گوہر

پشاور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ خزاں میں درختوں سے اتنے پتے اتنی تیزی سے نہیں گرتے جتنی تیزی سے ہمارے اراکین اسمبلی نااہل کیے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ الیکشن میں پی ٹی آئی نے 170 سیٹیں جیتیں، اسمبلی میں جانے کے بعد یہ تعداد 91 رہ گئی، اور اب ہمارے 76 اراکین اسمبلی باقی ہیں۔ بیرسٹر گوہر نے زور دیا کہ ہمارے اراکین دہشتگرد نہیں ہیں اور بعض غلطیاں ہوئی ہیں، لیکن اب یہ سلسلہ ختم ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جیل میں بھی دہشتگرد کو بنیادی حقوق ملتے ہیں، مگر بانی پی ٹی آئی کو جیل میں وہ حقوق نہیں دیے جا رہے۔پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ قوم کو اتحاد کی ضرورت ہے اور بونیر میں سیلابی صورتحال کے دوران عوام اور حکومت کے تعاون کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے وفاقی حکومت، آرمی چیف اور الخدمت فاؤنڈیشن سمیت دیگر امدادی تنظیموں کا بھی شکریہ ادا کیا۔

گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی نے وفاق سے بھاری مشینری کی درخواست کی ہے جو ابھی تک نہیں پہنچی، تاہم موجودہ مشینری کے ذریعے تمام روڈز کلیئر کر دیے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے مجھے جانے نہیں دیا گیا، لیکن جو بھی فیصلہ بانی پی ٹی آئی کریں گے، وہی ہماری پارٹی کا فیصلہ ہوگا۔ پی ٹی آئی تحریک جاری رکھے گی اور کورٹس کا رخ بھی کرے گی تاکہ جلد ریلیف مل سکے۔