گاڑی کا رجسٹریشن نمبر مالک کے شناختی کارڈ سے منسلک ہوگا،یکم ستمبر سے اضافی فیس کا نفاذ کیا جا رہا :محکمہ ایکسائز
لاہور(خبر نگار)محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب گاڑیوں کے رجسٹریشن نمبر کے حوالے سے جدید نظام متعارف کرانے جا رہا ہے جسکے تحت ہر گاڑی کا رجسٹریشن نمبر براہ راست مالک کے شناختی کارڈ سے منسلک ہوگا۔ اس نظام کے تحت گاڑی فروخت کرنے پرپرانا مالک اپنا رجسٹریشن نمبر اپنے پاس محفوظ رکھ سکے گا جبکہ استعمال شدہ گاڑی کے خریدار کو موٹر رجسٹرنگ اتھارٹی سے نیا رجسٹریشن نمبر الاٹ ہوگا۔ غیر استعمال شدہ رجسٹریشن نمبر زیادہ سے زیادہ دو سال تک محفوظ رکھا جا سکے گا تاہم ایک ماہ کی تاخیر پرنیا نمبر الاٹ کرانے کیلئیاضافی فیس ادا کرنا ہوگی۔ محکمہ ایکسائز کاکہناہے کہ عوام کو مطلع کیا جاتا ہے کہ وہ فوری گاڑیاں اپنے نام ٹرانسفر کرائیں کیونکہ یکم ستمبر سے اضافی فیس کا نفاذ کیا جا رہا ہے جو گاڑیوں کی ٹرانسفر کے وقت لازمی ادا کرنا ہوگی۔ اگر کوئی شخص گاڑی فروخت کر چکا ہے اور خریدار نے گاڑی اپنے نام نہیں کرائی تو فوری ہیلپ لائن 1035 پر اطلاع دیں تاکہ گاڑی کو معطل کیا جا سکے اور کسی بھی ممکنہ پریشانی سے بچا جا سکے۔ رجسٹریشن کے جدید نظام سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی ٹریفک اور سکیورٹی معاملات میں مزید سہولت میسر آئے گی۔