ملزموں نے اعتراف کیا قیادت کے اکسانے پر احتجاج میں شریک ہوئے:فیصلہ
سلمان اکرم اور سواتی کی ضمانت میں توسیع، عالیہ حمزہ کی ضمانت خارج
راولپنڈی(خصوصی رپورٹ )انسداد دہشت گردی عدالت نے 26 نومبر احتجاج کیس میں پی ٹی آئی کے مزید 4 کارکنوں کو قید کی سزا سنا دی۔اے ٹی سی کے جج امجد علی شاہ نے26 نومبر احتجاج کیس کی سماعت کی۔عدالت نے تھانہ ہنجرا اٹک میں درج مقدمے میں 4 پی ٹی آئی کارکنوں عامر خان، سردار خان، خان محمد اور جاوید اقبال کو 4، 4 ماہ قید کی سزا سنائی، عدالت نے جلائو گھیرائو کی دفعات کے تحت مقدمے میں فیصلہ سنایا۔ملزموں نے عدالت میں اقبال جرم کیا، ملزموں نے اپنے اعترافی بیان میں کہا کہ قیادت کے اکسانے پر پْرتشدد احتجاج میں شریک ہوئے۔ انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نیتحریک انصاف پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ کی عبوری ضمانت خارج کر دی جبکہ تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا اور اعظم سواتی کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی گئی۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے اکتوبر اور 26 نومبر کے احتجاج کے مقدمات کی سماعت کی۔پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ملزم دانستہ طور پر تفتیشی عمل پر اثرانداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں، عالیہ حمزہ کی قبل ازیں ضمانت خارج ہوئی اور پھر ضمانت لی تھی۔دوران سماعت اعظم سواتی کے وکیل کی جانب سے عدم حاضری کی درخواست عدالت میں پیش کی گئی، وکیل نے درخواست کی کہ اعظم سواتی پشاور ہائیکورٹ میں پیش ہیں، حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔عدالت نے درخواست کو قبول کر تے ہوئے عبوری ضمانت میں 27 اگست تک توسیع کر دی، جبکہ سلمان اکرم راجا عدالت کے روبرو پیش ہوئے جس پر عدالت نے سلمان اکرم راجا کی عبوری ضمانت میں 3 ستمبر تک توسیع کر دی۔