پاکستان اور امریکا کا توانائی شراکت داری کو وسعت دینے پر اتفاق

پاکستان اور امریکا کا توانائی شراکت داری کو وسعت دینے پر اتفاق

کراچی: وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اور امریکا کی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں تیل، گیس اور معدنیات کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور امریکا کے درمیان توانائی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے کہا کہ صدر ٹرمپ کے ویژن کے مطابق امریکی کمپنیاں پاکستان کے تیل، گیس اور معدنیات کے شعبے میں گہری دلچسپی رکھتی ہیں۔ ان کے مطابق امریکی سفارتخانہ ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن سیکٹر میں پاکستانی اور امریکی کمپنیوں کے درمیان براہ راست روابط کی سہولت فراہم کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ پاک امریکا کاؤنٹر ٹیررازم ڈائیلاگ کے بعد دونوں ملکوں کی شراکت داری اب معیشت کے میدان میں بھی آگے بڑھ رہی ہے۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے امریکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان جلد آنشور اور آفشور تیل و گیس کے ایکسپلوریشن بلاکس کے لیے بڈنگ راؤنڈ کا آغاز کر رہی ہے، جو غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے شاندار موقع ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں شیل آئل اور گیس سمیت توانائی کے وسیع ذخائر موجود ہیں اور حکومت کا مقصد ہے کہ ان وسائل کو بروئے کار لا کر ملکی توانائی کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ امریکی سرمایہ کاری نہ صرف پاکستان کے توانائی شعبے کو تقویت دے گی بلکہ دونوں ملکوں کے درمیان معاشی تعلقات کو بھی نئی جہت فراہم کرے گی۔