پرویز الٰہی اور دیگر کیخلاف میرٹ سے ہٹ کر بھرتیوں کے مقدمے کی سماعت مؤخر

پرویز الٰہی اور دیگر کیخلاف میرٹ سے ہٹ کر بھرتیوں کے مقدمے کی سماعت مؤخر

لاہور: سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور سابق اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی اور دیگر کے خلاف پنجاب اسمبلی میں میرٹ سے ہٹ کر بھرتیوں کے مقدمے کی سماعت 10 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی۔

اینٹی کرپشن کورٹ کے جج جاوید اقبال وڑائچ نے کیس کی سماعت کی۔ پرویز الٰہی کی غیر حاضری کے باعث عدالت ملزمان پر فردِ جرم عائد نہ کر سکی۔ ان کے شریک ملزم اور سابق پرنسپل سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی عدالت میں پیش ہوئے۔پرویز الٰہی کی جانب سے وکلاء نے حاضری سے معافی کی درخواست جمع کرائی جس میں مؤقف اپنایا گیا کہ وہ علیل ہیں اور ڈاکٹرز نے انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔مقدمے کے دیگر شریک ملزمان عدالت میں پیش ہوئے جبکہ ان افراد کو بھی ملزم نامزد کیا گیا ہے جنہوں نے مبینہ طور پر غیر قانونی بھرتیوں کے ذریعے ملازمت حاصل کی تھی۔ شریک ملزم مختار احمد رانجھا نے مقدمے میں بریت کی درخواست بھی دائر کر رکھی ہے۔واضح رہے کہ اینٹی کرپشن حکام نے چودھری پرویز الٰہی اور دیگر پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے پنجاب اسمبلی میں میرٹ کو نظر انداز کرتے ہوئے بھرتیاں کیں جس سے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی ہوئی۔