سپریم کورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی ضمانت کا کیس آج سماعت کے لیے مقرر

سپریم کورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی ضمانت کا کیس آج سماعت کے لیے مقرر

اسلام آباد: سپریم کورٹ میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے خلاف 9 مئی کے مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت آج ہوگی۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کیس کی سماعت کرے گا، جس میں جسٹس شفیع صدیقی اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب بھی شامل ہوں گے۔گزشتہ روز چیف جسٹس نے اضافی دستاویزات کے جائزے کی ضرورت کے پیش نظر سماعت ملتوی کردی تھی تاکہ عدالت ریکارڈ کا تفصیلی جائزہ لے سکے۔یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی پر 9 مئی کے واقعات کے بعد مختلف مقدمات درج کیے گئے تھے جن میں ریاست مخالف سرگرمیوں، اشتعال انگیزی اور حساس تنصیبات پر حملوں کے الزامات شامل ہیں۔ ان مقدمات میں ضمانت کے حوالے سے عدالت عظمیٰ کا فیصلہ نہ صرف بانی پی ٹی آئی بلکہ دیگر شریک ملزمان کے قانونی مستقبل پر بھی اثر انداز ہوگا۔ادھر حکومت نے بھی ان مقدمات میں سخت مؤقف اختیار کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ قانونی ماہرین کے مطابق اگر عدالت ضمانت منظور کر لیتی ہے تو یہ بانی پی ٹی آئی کے لیے ایک بڑی قانونی کامیابی ہوگی، بصورت دیگر انہیں مزید مقدمات میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔