ویب ڈیسک: پاکستان کے بڑے شہروں میں پی ٹی سی ایل کی انٹرنیٹ سروس اچانک متاثر ہوگئی، جس کے باعث لاکھوں صارفین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
سروس میں تعطل کی شکایات ملک کے مختلف حصوں سے سامنے آئی ہیں۔عالمی پلیٹ فارم ڈاؤن ڈیٹیکٹر (Down Detector) کے مطابق صارفین نے کراچی، لاہور، اسلام آباد، فیصل آباد، راولپنڈی اور ملتان سمیت کئی شہروں سے سروس میں رکاوٹ، سست رفتاری اور مکمل ڈس کنکشن کی شکایات درج کرائی ہیں۔تاحال پی ٹی سی ایل انتظامیہ کی جانب سے انٹرنیٹ تعطل کی وجوہات یا بحالی کے وقت کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
صارفین کی شکایات اور ردعمل
سروس متاثر ہونے کے بعد صارفین نے سوشل میڈیا پر شکایات درج کرائیں اور طنزیہ تبصروں کے ساتھ کمپنی پر تنقید بھی کی۔ صارفین کا کہنا ہے کہ پی ٹی سی ایل کو فوری طور پر سروس کی بحالی کے لیے مؤثر اقدامات کرنے چاہئیں کیونکہ انٹرنیٹ بند ہونے سے نہ صرف گھریلو بلکہ پیشہ ورانہ امور بھی شدید متاثر ہورہے ہیں۔
پس منظر
خیال رہے کہ پی ٹی سی ایل پاکستان کی سب سے بڑی انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنی ہے اور اس کے نیٹ ورک میں خرابی یا تعطل کے باعث ملک بھر میں لاکھوں صارفین براہِ راست متاثر ہوتے ہیں۔