پاکستان اور نیپال کے درمیان پارلیمانی تعاون بڑھانے پر اتفاق

سیاحت اور دیگر اقتصادی شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں
  ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ سے نیپال کے پارلیمانی وفد کی ملاقات
اسلام آباد(آن لائن) ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ سے فیڈرل ریپبلک آف نیپال کے پارلیمانی وفد نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ پارلیمانی تعلقات، اقتصادی تعاون اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے وفد کو پارلیمنٹ ہاؤس آمد پر خوش آمدید کہا اور کہا کہ پاکستان نیپال کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک میں پارلیمانی روابط کو مزید فروغ دینے پر زور دیا اور کہا کہ پارلیمانی رابطے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور عوامی سطح پر قربت بڑھانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ قومی اسمبلی میں پاک۔نیپال فرینڈشپ گروپ قائم کیا گیا ہے جو دونوں ممالک میں روابط کو بڑھانے میں فعال کردار ادا کر رہا ہے۔ اسی طرح خواتین اراکین پر مشتمل ویمن پارلیمنٹری کاکس بھی تشکیل دیا گیا ہے جو خواتین کو بااختیار بنانے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے سرگرم عمل ہے۔ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ پاکستان اور نیپال کے درمیان سیاحت  اور دیگر اقتصادی شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔