سمبڑیال ضمنی الیکشن میں گالیوں، فتنہ فساد کا بیانیہ مسترد ہو گیا: عظمیٰ بخاری

 فتنہ پارٹی کے لوگ آج بھی جھوٹ بول رہے ہیں، ان لوگوں کا رونا دھونا آج بھی جاری ہے، پی ٹی آئی کو یہاں انصاف کی توقع نہیں تو مریخ پر چلے جائیں
90 فیصد تو بانی کو اس وقت  ووٹ نہیں پڑے جب وہ منتخب ہوئے تھے، ان کو سوشل میڈیا پر جیتنے اور بڑھکیں مارنے کی عادت ہے:پریس کانفرنس

لاہور (سپیشل رپورٹر) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ عوام نے سمبڑیال کے ضمنی الیکشن میں وزیراعلیٰ مریم نواز کی خدمت کی سیاست کو ووٹ دیا۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا  سمبڑیال، پنجاب اور پورے پاکستان کے عوام کو مبارکباد پیش کرتی ہوں، کل گالی گلوچ، فتنہ فساد کا بیانیہ مسترد ہو گیا، عوام نے تخریب کاروں کے بیانیے کو مسترد کیا ہے۔عظمیٰ بخاری نے کہا  میری پریس کانفرنس سے پہلے ایک رونے دھونے کا پروگرام ہوا ہے، سلمان اکرم راجہ ایک معزز وکیل، ایک پارٹی کے سیکرٹری جنرل ہیں، پہلے بھی یہ باہر نکلنے کی کال پر گاڑی میں بیٹھ کر ویڈیو بناتے رہے، مریدکے الیکشن میں بھی ن لیگ نے واضح برتری حاصل کی تھی، پچھلی بار سمبڑیال کی یہ سیٹ 10 ہزار کی برتری سے جیتی گئی تھی۔وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا 90 فیصد تو بانی کو تب ووٹ نہیں پڑے جب وہ الیکٹ ہوئے تھے، ان کو سوشل میڈیا پر جیتنے اور بڑھکیں مارنے کی عادت ہے، ان کی کال پر پنجاب سے ایک چڑیا باہر نہیں نکلتی لیکن خیبرپختونخوا سے سرکاری ملازم باہر نکل آتے ہیں، ان کو آج مکافات عمل بھگتنا پڑ رہا ہے، ن لیگ نے اس بار یہ سیٹ 38 ہزار کی برتری سے حاصل کی ہے۔ فتنہ پارٹی کے لوگ آج بھی جھوٹ بول رہے ہیں، ان لوگوں کا رونا دھونا آج بھی جاری ہے، پی ٹی آئی کو یہاں انصاف کی توقع نہیں تو مریخ پر چلے جائیں