خیبر پختونخوا میں انٹر ڈسپلنری ریسرچ سینٹر کے قیام کے لیے 50 کروڑ روپے کی منظوری

خیبر پختونخوا میں انٹر ڈسپلنری ریسرچ سینٹر کے قیام کے لیے 50 کروڑ روپے کی منظوری

پشاور میں محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت شعبہ تعلیم میں اصلاحات سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور آئندہ کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے صوبے میں انٹر ڈسپلنری ریسرچ سینٹر کے قیام کے لیے 50 کروڑ روپے جاری کرنے کی ہدایت دی، جبکہ شرح خواندگی بڑھانے کے لیے دور دراز علاقوں میں کمیونٹی اسکول قائم کرنے کی تجویز پر بھی اتفاق کیا گیا۔وزیر اعلیٰ نے ڈبل شفٹ اسکول پروگرام میں توسیع، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت سے متعلق کورسز کے آغاز کی منظوری بھی دی اور متعلقہ حکام کو ان تجاویز پر جلد پیشرفت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران تعلیم اور صحت کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی گئی ہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں، اور یہ دونوں شعبے براہ راست عوام سے جڑے ہوئے ہیں۔

عمران خان کے وژن کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت انسانی ترقی پر سرمایہ کاری کر رہی ہے اور شعبہ تعلیم میں جامع تبدیلی لانا اولین ترجیح ہے تاکہ کوئی بچہ تعلیم کے بنیادی حق سے محروم نہ رہے۔اجلاس میں ای ٹرانسفر پالیسی، یکساں نصاب، سمسٹر سسٹم، مانیٹرنگ، اساتذہ کی تربیت، اسکول بیسڈ اسیسمنٹ، ورچوئل تعلیم اور اے آئی کورسز پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا، جبکہ عملدرآمد کے لیے رابطہ کمیٹی بنانے کی بھی ہدایت دی گئی۔