لاہور کے قریب واہگہ بارڈر پر روزانہ پریڈ کے دوران نعروں سے شہریوں کا جذبہ بڑھانے والے محمد شفیق انتقال کر گئے۔
ذرائع کے مطابق محمد شفیق طویل عرصے سے جگر اور گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے اور گزشتہ چند روز سے ایک نجی اسپتال کے آئی سی یو میں زیر علاج تھے، جہاں ان کی حالت تشویشناک رہی۔محمد شفیق 2002 سے باقاعدگی کے ساتھ واہگہ بارڈر پریڈ میں شریک ہوتے رہے۔ وہ اپنی بلند آواز، منفرد انداز اور ولولہ انگیز نعروں کے باعث پریڈ کا ایک پہچانا جانے والا چہرہ بن گئے تھے اور حاضرین کے جوش و خروش میں اضافہ کرتے تھے۔وہ واہگہ بارڈر کے قریب جلو موڑ کے علاقے میں ایک بیکری میں ملازمت کرتے تھے اور روزانہ کام کے بعد پریڈ میں شرکت کو اپنی زندگی کا معمول بنا رکھا تھا۔مرحوم کی میت ان کے آبائی گاؤں گاؤں جلالپور جٹاں روانہ کر دی گئی، جہاں ان کی تدفین کی جائے گی۔ ان کے انتقال پر علاقے میں افسوس کی فضا ہے جبکہ واہگہ بارڈر آنے والے شہری بھی انہیں خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔