غزہ میں اسرائیلی بربریت جاری، 24 گھنٹوں میں مزید 7 فلسطینی شہید، 24 زخمی

 غزہ(خصوصی رپورٹ ) غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی مظالم تھم نہ سکے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں غزہ میں مزید 7 فلسطینی شہید جبکہ 24 زخمی ہوگئے۔عرب میڈیا کے مطابق فلسطینی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 8 لاشیں موصول ہوئیں جن میں سے 7 نئے شہید تھے جب کہ ایک لاش ملبے سے نکالی گئی۔ اس دوران 24 زخمی بھی ریکارڈ کیے گئے۔ جنگ بندی کے بعد سے 773 افراد شہید اور 2171 زخمی ہو چکے ہیں، تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے سے اب تک 761 لاشیں برآمد کرلی گئیں۔رپورٹ کے مطابق متعدد متاثرین اب بھی ملبے تلے پھنسے ہوئے ہیں ۔جہاں جاری حملوں اور تباہی کے باعث ریسکیو ٹیمیں نہیں پہنچ پارہیں۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے شروع ہونے والی اسرائیلی جارحیت میں اب تک 72 ہزار 549 فلسطینی شہید اور 1 لاکھ 72 ہزار 274 فلسطینی زخمی بھی ہوئے ہیں۔