پولیس کے شہدا کو خراج تحسین پیش کرنے کا سلسلہ جاری

پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہداء کی قبور پر حاضری دی اور سلامی پیش کی
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس کی جانب سے اپنے شہداء   کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں تین پولیس شہداء کی برسی کے موقع پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہداء  کی قبور پر حاضری دی اور سلامی پیش کی۔ اس موقع پر فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔تقریب میں کنسٹیبل محمد اعظم، کنسٹیبل محمد صادق اور کنسٹیبل امتیاز حسین کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا، جنہوں نے فرض کی راہ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ایس پی منزہ کرامت کے مطابق، کنسٹیبل محمد صادق 19 اپریل 2000 کو تھانہ لوئر مال میں تعینات تھے اور ملزمان کو عدالت پیش کرنے کے دوران مخالف پارٹی کی فائرنگ سے شہید ہوئے۔ کنسٹیبل محمد اعظم تھانہ ہئیر میں تعینات تھے اور اشتہاری ملزمان کی ریکی کے دوران فائرنگ کا نشانہ بنے۔ جبکہ کنسٹیبل امتیاز حسین تھانہ گلشن اقبال میں ڈیوٹی کے دوران موٹرسائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے شہید ہوئے۔تقریب میں شہداء   کے اہل خانہ نے بھی شرکت کی، جنہیں بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ ایس پی ہیڈ کوارٹرز کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء   محکمہ پولیس کا فخر ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیس فورس قیامِ امن میں مثالی کردار ادا کر رہی ہے اور محکمہ پولیس شہداء￿  کے ورثا کی فلاح و بہبود کیلئے مسلسل اقدامات کر رہا ہے، جن میں گھروں کی فراہمی، بچوں کیلئے سکالرشپس اور روزگار کے مواقع شامل ہیں۔پولیس حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ محکمہ پولیس ہر موقع پر شہداء￿  کے لواحقین کے ساتھ کھڑا رہے گا اور ان کی ہر ممکن معاونت جاری رکھے گا۔