لاہور(کرائم رپورٹر)سکھ یاتریوں نے اپنی مذہبی رسومات بحفاظت مکمل کرنے کے بعد واپسی کا سفر شروع کر دیا ہے۔ واہگہ بارڈر کے ذریعے یاتریوں کی روانگی کا عمل جاری ہے جس کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے مڑی رنجیت سنگھ کا دورہ کیا اور یاتریوں کی واپسی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے سکھ مہمانوں سے ملاقات بھی کی اور ان کی خواہش پر تصاویر بنوائیں۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہورفیصل کامران کا کہنا تھا کہ ہمسایہ ملک سمیت دنیا بھر سے آئے سکھ یاتریوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 1500 سے زائد افسران اور اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہیں جبکہ رہائش گاہوں سے لے کر واہگہ بارڈر تک سکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ متعلقہ راستوں پر ایلیٹ فورس کی مو ثر پٹرولنگ جاری ہے اور یاتریوں کی بحفاظت واپسی کے تمام انتظامات مکمل کیے جا چکے ہیں۔اس موقع پر سکھ یاتریوں نے لاہور پولیس کی جانب سے فراہم کی گئی سکیورٹی اور مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا تھا کہ سکھ یاتری ہمارے مہمان ہیں اور ان کی حفاظت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔