اسرائیلی فوج کی لبنان جنگ بندی کی خلاف ورزی، کئی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا

بیروت،تل ابیب،نیویارک،دوحہ (آئی این پی )اسرائیلی فوج کی جانب سے لبنان جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیاں جاری ہیں۔عرب ٹی وی کے مطابق جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے کئی علاقوں کو نشانہ بنایا ۔لبنانی حکام کے مطابق جنگ بندی سے پہلے اسرائیلی حملوں میں 40 ہزار مکان یا تو مکمل تباہ ہوگئے یا انہیں شدید نقصان پہنچا ، لبنان پر اسرائیلی حملے میں یو این امن مشن کا فرانسیسی فوجی بھی مارا گیا۔ ادھر جنوبی لبنان میں جھڑپوں کے دوران ایک اسرائیلی فوجی ہلاک اور 9 سے زائدزخمی ہو گئے، اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ زخمی 9 فوجیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔ لبنان میں حکام نے جنگ بندی کے بعد جنوبی علاقوں میں تباہ شدہ سڑکوں کی بحالی کا آغاز کر دیا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی بمباری سے تباہ شدہ پلوں اور اہم شاہراہوں کو دوبارہ بحال کیا جا رہا ہے، برج رحال کے قریب بین الاقوامی شاہراہ پر ٹریفک جزوی طور پر بحال کر دی گئی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ لبنانی فوج نے نباطیہ اور مرجعیون کو ملانے والی اہم شاہراہ کو ٹریفک کیلئے کھول دیا ہے، جس کے بعد سے ہزاروں بے گھر لبنانی شہریوں کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل نے لبنان کے اندر خود ساختہ یلو لائن بنا دی ہے، لبنانی دیہات میں گھروں کی تباہی، گولہ باری اور مشین گن سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے، غزہ میں بھی اسی طرح کی یلو لائن بنائی گئی تھی۔ دریں اثنا حزب اللہ کے رہنما نعیم قاسم نے واضح پیغام دیا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی یکطرفہ نہیں ہو سکتی۔ایک بیان میں حزب اللہ کے رہنما نعیم قاسم نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ جاری 10 روزہ جنگ بندی اس وقت تک برقرار نہیں رہ سکتی جب تک دونوں فریق اس کی پاسداری نہ کریں، جنگ بندی کا مطلب تمام قسم کی دشمنیوں کا مکمل خاتمہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے جنگجو لبنان میں اسرائیلی حملوں کا جواب دیتے رہیں گے، ہم دشمن پر اعتماد نہیں کرتے، مزاحمتی جنگجو میدان میں موجود رہیں گے، اور ان کی انگلیاں ٹریگر پر ہوں گی