امریکی یوٹیوبر اور بچوں کے لیے تعلیمی ویڈیوز بنانے والی مس ریچل نے فلسطینی بچوں کی امداد کے لیے ایک ملین ڈالر عطیہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ان کا یہ اعلان امریکی ریپر میکلمور کی جانب سے فلسطینیوں کی مدد کے لیے ایک ملین ڈالر دینے کے اعلان کے بعد سامنے آیا۔مس ریچل، جن کا اصل نام ریچل اکورسو ہے، نے انسٹاگرام پر اپنے پیغام میں کہا کہ وہ میکلمور کے عطیے کے برابر رقم Palestine Children’s Relief Fund (PCRF) کو دیں گی۔ یہ تنظیم فلسطینی بچوں کے لیے طبی اور انسانی امداد فراہم کرنے کے حوالے سے کام کرتی ہے۔مس ریچل نے دیگر دولت مند اور بااثر شخصیات پر بھی زور دیا کہ وہ اپنے وسائل اور پلیٹ فارم کو استعمال کرتے ہوئے فلسطینی بچوں کی مدد کے لیے آگے آئیں اور عطیات دیں۔ ان کے مطابق بچوں اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے بااثر افراد کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔اس سے قبل امریکی ریپر میکلمور نے اعلان کیا تھا کہ وہ ایڈ شیران کے لوپ ٹور سے حاصل ہونے والی اپنی تقریباً ایک ملین ڈالر کی آمدنی فلسطینیوں کی مدد کرنے والی مختلف تنظیموں کو عطیہ کریں گے۔ ان کے اعلان کے مطابق رقم چھ امدادی اداروں میں تقسیم کی جائے گی، جن میں Palestine Children’s Relief Fund، Heal Palestine، Gaza Soup Kitchen، Medical Aid for Palestinians، UNRWA USA National Committee اور Anera شامل ہیں۔
میکلمور کی جانب سے یہ اعلان ایڈ شیران کے ٹور سے انہیں الگ کیے جانے کے بعد سامنے آیا۔ امریکی گلوکار کے دورے کے دوران میکلمور نے فلسطین کے حق میں بیانات دیے تھے، جس کے بعد ان کی ٹور میں مزید شرکت ختم کر دی گئی۔ بعد ازاں ٹور کے بعض دیگر سپورٹنگ فنکاروں نے بھی ان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے ٹور سے دستبرداری اختیار کی۔دوسری جانب ایڈ شیران اور نیو انگلینڈ پیٹریاٹس کے مالک رابرٹ کرافٹ نے بھی خطے میں انسانی امداد کے لیے دو، دو ملین ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے۔ یوں میکلمور اور مس ریچل سمیت مختلف شخصیات کی جانب سے فلسطینیوں اور خطے میں انسانی امداد کے لیے مالی معاونت کے اعلانات سامنے آئے ہیں۔مس ریچل طویل عرصے سے بچوں کے مسائل اور انسانی امداد سے متعلق مہمات میں اپنی آواز استعمال کرتی رہی ہیں۔ ان کے تازہ اعلان نے ایک بار پھر فلسطینی بچوں کی صورتحال اور انسانی امداد کی ضرورت کو عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بنا دیا ہے۔