لاہور: ستوکتلہ کے علاقے میں موٹر سائیکل کی ٹکر سے 5 سالہ بچہ عبداللہ زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق حادثہ شوکت خانم کے قریب پیش آیا، جہاں موٹر سائیکل سوار نے بچے کو ٹکر مار دی۔حادثے کے نتیجے میں عبداللہ زخمی ہوگیا، جسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق بچے کو حادثے کے بعد علاج کے لیے منتقل کیا گیا، جبکہ پولیس واقعے سے متعلق مزید معلومات اکٹھی کر رہی ہے۔پولیس کے مطابق حادثے کے فوراً بعد موٹر سائیکل سوار موقع سے فرار ہوگیا۔ پولیس نے ملزم کی تلاش شروع کردی ہے اور جائے وقوعہ کے اطراف موجود شواہد اور ممکنہ طور پر دستیاب سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے موٹر سائیکل سوار کو ٹریس کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے، جبکہ بچے کے اہل خانہ سے بھی واقعے کے حوالے سے معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق فرار ہونے والے موٹر سائیکل سوار کو جلد ٹریس کر لیا جائے گا۔