ملک بھر سے 27لاکھ 60ہزار 653، پنجاب سے ایک لاکھ 42ہزار 820 واپس بھجوائے گئے
لاہور (یواین پی)وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے انخلاء کی مہم جاری ہے ، محکمہ داخلہ پنجاب کے فارن نیشنل سکیورٹی سیل کی موثر کارروائیوں کے تحت غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو گرفتار کر کے انکے وطن واپس بھجوایا جا رہا ہے۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق اب تک پاکستان سے مجموعی طور پر 27لاکھ 60ہزار 653افغان باشندے وطن واپس بھجوائے گئے ،پنجاب سے 1لاکھ 42ہزار 820غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کو واپس بھجوایا گیا ۔ترجمان کے مطابق حکومتِ پاکستان کی واضح پالیسی کے مطابق قابلِ قبول ویزا کے بغیر تمام افغان شہریوں کا قیام غیر قانونی ہے، کریک ڈان کے دوران صوبہ بھر میں رہائشی علاقوں اور مارکیٹس کی مکمل جانچ کی جا رہی ہے، غیر قانونی مقیم افغان شہریوں کو گرفتار کر کے ہولڈنگ سینٹرز میں لایا جاتا ہے، پنجاب میں اس وقت 39ہولڈنگ سینٹرز فعال ہیں جن میں 213افغان شہری موجود ہیں ، ہولڈنگ سینٹرز میں غیر قانونی افغان باشندوں کی عارضی رہائش، رجسٹریشن اور وطن واپسی کے انتظامات کیے گئے ہیں ۔ غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو طورخم بارڈر پر افغان حکام کے حوالے کیا جاتا ہے