فائرنگ اورگولہ باری کے باعث قریبی علاقے باچامینا سے لوگوں نے نقل مکانی شروع کردی
چمن(آئی این پی)پاک افغان طورخم بارڈر کی بندش کے 12ویں روز بھی افغانستان کی سائیڈ سے ایک بار پھر وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے، ایک جانب سرحد کی بندش سے مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، تو دوسری جانب افغان فورسز متنازع حدود میں تعمیراتی کام کرنے پر بضد ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق فائرنگ سے طورخم بارڈر کے قریب علاقے باچامینا سے مقامی لوگوں کی نقل مکانی شروع ہوگئی ہے۔مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ اور گولا باری سے مقامی آبادی کے لوگ نشانہ بن رہے ہیں، وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ذرائع کے مطابق فائرنگ کے واقعات سے تاحال جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، لیکن لوگوں کو معمول کے مطابق اپنی زندگی گزارنے میں سخت مشکلات درپیش ہیں۔