اداروں کو مصنوعی ذہانت کے جمہوریت، بنیادی حقوق اور انتخابی عمل پر ممکنہ اثرات کو سمجھنا ہوگا‘سپیکر
لاہور(یواین پی)پنجاب اسمبلی کی مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل گورننس سے متعلق خصوصی کمیٹی نے پارلیمانی معلومات اور اسمبلی ریکارڈ تک تیز، آسان اور محفوظ رسائی کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی خصوصی پلیٹ فارم قائم کرنے کی ہدایت کردی۔ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں کی زیر صدارت خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کو پارلیمانی نظام کا موثرحصہ بنانے، ڈیجیٹل گورننس کے فروغ اور اے آئی کے محفوظ و ذمہ دارانہ استعمال سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کا استعمال صرف ڈیجیٹلائزیشن تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ اسے موثرگورننس اور عوامی سہولت کے لیے بروئے کار لایا جائے۔ انہوں نے اے آئی پلیٹ فارم کے قیام کے لیے ضروری تکنیکی وسائل اور ادارہ جاتی معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ معلومات کی درستگی، سیکیورٹی، رازداری اور ذمہ دارانہ استعمال کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔اجلاس میں ارکان اسمبلی اور اسمبلی اسٹاف کو مصنوعی ذہانت کے موثراستعمال کی تربیت دینے، اے آئی کی پارلیمانی نگرانی اور قانون ساز اداروں پر اس کے اثرات کا جائزہ لینے پر بھی زور دیا گیا۔ سپیکر نے کہا کہ قانون ساز اداروں کو مصنوعی ذہانت کے جمہوریت، بنیادی حقوق اور انتخابی عمل پر ممکنہ اثرات کو سمجھنا ہوگا۔