اُرومچی: صدر مملکت آصف علی زرداری کی موجودگی میں پاکستان اور چین کے درمیان تین اہم مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط کیے گئے۔
یہ معاہدے لائیو اسٹاک انڈسٹری میں جدت، پاکستان میں جدید ٹیکسٹائل انڈسٹریل پارک کے قیام، اور فائر ٹرکس و ایمرجنسی آلات کی فراہمی سے متعلق ہیں۔صدر زرداری نے اس موقع پر کہا کہ یہ یادداشتیں پاکستان میں خوراک کے تحفظ، صنعتی ترقی، برآمدات کے فروغ اور آفات سے نمٹنے کی صلاحیت کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ لائیو اسٹاک سیکٹر کی بہتری دیہی علاقوں میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کرے گی، جبکہ ٹیکسٹائل پارک کے قیام سے برآمدات بڑھانے اور صنعتی شعبے کو مزید فعال بنانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین کی جانب سے جدید فائر ٹرکس اور ایمرجنسی آلات کی فراہمی عوامی تحفظ کو یقینی بنانے اور ریسکیو آپریشنز کو مزید مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ اس موقع پر سینیٹر سلیم مانڈوی والا، پاکستان کے سفیر برائے چین، اور چین کے سفیر برائے پاکستان بھی موجود تھے۔