دونوں برادر ممالک مشترکہ دشمن کا بھرپور مقابلہ کریں گے:خواجہ آصف

 پاکستان اور سعودی عرب دشمن کے سامنے شانہ بشانہ اور صف آرا ہیں:وزیردفاع کا ایکس پر بیان
اسلام آباد (آن لائن) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین طے پانے وا لا تاریخی اسٹریٹیجک دفاعی معاہدہ دو برادر ممالک کے تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل ہے ۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ نہ صرف پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے بلکہ یہ ایک ایسے دفاعی اشتراک کی بنیاد ہے جو خطے میں امن و استحکام کے لیے کلیدی کردار ادا کرے گا۔خواجہ آصف نے زور دیا  پاکستان اور سعودی عرب دشمن کے سامنے شانہ بشانہ اور صف آرا ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ربِ ذوالجلال کے سائے میں دونوں برادر ممالک مشترکہ دشمن کا بھرپور مقابلہ کریں گے، ان شاء اللہ۔وزیر دفاع نے امتِ مسلمہ کے اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا ساری امت متحد ہوگی۔ پاکستان زندہ باد، مسلم اْمہ پائندہ باد۔