اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے 23 نومبر کو جوڈیشل کمیشن کا اجلاس طلب کر لیا، اجلاس میں ہائیکورٹس کے ججز کی سالانہ کارکردگی جانچنے کے طریقہ کار اور ججز کی تقرری سے متعلق قواعد میں ترامیم پر غور کیا جائے گا۔
چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کا اجلاس 23 نومبر کو سپریم کورٹ اسلام آباد میں دوپہر ڈھائی بجے منعقد ہوگا۔اجلاس کے ایجنڈے کے مطابق آئین کے آرٹیکل 175 اے کی شق 20 کے تحت ہائیکورٹس کے ججز کی کارکردگی جانچنے کے لیے قواعد مرتب کرنے کا معاملہ زیر غور آئے گا۔ اس حوالے سے ججز کی سالانہ کارکردگی کا جائزہ لینے کے طریقہ کار کو باضابطہ بنانے پر غور کیا جائے گا۔اجلاس میں جوڈیشل کمیشن (اپوائنٹمنٹ آف ججز) رولز 2024 میں ترامیم کا معاملہ بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔ کمیشن ججز کی تقرری کے موجودہ قواعد میں مجوزہ تبدیلیوں کا جائزہ لے گا۔