ریاض: سعودی عرب کے محکمہ شہری دفاع نے ملک کے جنوب مغربی شہروں ابہا اور خمیس مشیط کے رہائشیوں کے لیے ہنگامی انتباہات جاری کیے، تاہم بعد ازاں دونوں شہروں میں خطرہ ٹلنے کا اعلان کردیا گیا۔
خبر رساں ادارے ٹی آر ٹی ورلڈ کے مطابق سعودی محکمہ شہری دفاع نے الگ الگ الرٹس کے ذریعے خمیس مشیط گورنریٹ اور شہر ابہا کے شہریوں کو ممکنہ خطرے سے خبردار کیا تھا۔رپورٹ کے مطابق دونوں شہروں میں سعودی عرب کے قومی ابتدائی انتباہی پلیٹ فارم کے ذریعے ہنگامی پیغامات جاری کیے گئے، جن میں رہائشیوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی۔بعد ازاں محکمہ شہری دفاع نے تصدیق کی کہ ابہا اور خمیس مشیط میں خطرے کی صورت حال ختم ہوگئی ہے اور دونوں مقامات پر کلیئرنس جاری کردی گئی ہے۔تاہم سعودی حکام کی جانب سے ان ہنگامی انتباہات کی وجہ بننے والے ممکنہ خطرے، اس کی نوعیت یا پس منظر کے بارے میں کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔