لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کی کارکن خدیجہ شاہ کی پانچ سال قید کی سزا کے خلاف دائر اپیل درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہرام سرور چوہدری اور جسٹس سردار اکبر علی ڈوگر پر مشتمل دو رکنی بینچ نے اپیل پر سماعت کی۔دورانِ سماعت خدیجہ شاہ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اپیل کی درخواست غیر مؤثر ہوچکی ہے، لہٰذا اسے واپس لینے کی اجازت دی جائے۔ وکیل کی استدعا پر عدالت نے درخواست واپس لینے کی اجازت دیتے ہوئے پانچ سال پرانی اپیل نمٹا دی۔واضح رہے کہ خدیجہ شاہ کو جناح ہاؤس کے قریب سرکاری گاڑی جلانے کے مقدمے میں انسدادِ دہشت گردی عدالت لاہور نے پانچ سال قید کی سزا سنائی تھی۔