بلاول کو اپنی غلطی کااحساس ہوا، پی پی حکومتی اتحاد سے استعفی، اپوزیشن میں آئیڑ
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ )پی ٹی آئی رہنما سینیٹر علی ظفر نے کہاہے کہ دیرآیددرست آید،بلاول بھٹو کو اپنی غلطی کااحساس ہوا، پیپلزپارٹی حکومتی اتحاد سے استعفی دے کر اپوزیشن میں آئے، ہم دیکھیں گے نوراکشتی تو نہیں ہو رہی،ہم نے استعمال نہیں ہونا، نظر آ رہا ہے حکومت جا رہی ہے۔ ایک انٹرویو میں سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ بلاول بھٹو نے جو کچھ کہادرست ہے، ہم کافی عرصے سے یہ سب کہہ رہے ہیں، 26ویں اور27ویں ترمیم سے پہلے بات کرتے تو شاید ہم بلاول بھٹوکیساتھ کھڑے ہوتے، میں نے پیپلز پارٹی کو کہا تھا ایک وقت آئے گا کہ آپ ہماری حمایت کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی صدارت چھوڑے،ہمارے ساتھ آجائے توہم شایدان کے ساتھ کھڑے ہوں، ہم نے دیکھا ہے پیپلزپارٹی کیخلاف بات ہو تو نورا کشتی کرتی ہے،آخرمیں حکومت کیساتھ مل جاتی ہے، ہم دیکھیں گے نوراکشتی تو نہیں ہو رہی،ہم نے استعمال نہیں ہونا، نظر آ رہا ہے حکومت جا رہی ہے،حکومت کے اندر سے آوازیں اٹھ رہی ہیں،نظام بدل رہاہے،نئی حکومت آنیوالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اندر سے آوازیں اٹھ رہی ہیں،کرپشن ہورہی ہے،پیپلزپارٹی کو حکومت جاتی نظر آ رہی ہے تو اب ہم پر انحصار کر رہی ہے، ابھی سامنے نہیں آیاکہ28ویں ترمیم میں کیا ہونا ہے، ہماری پوزیشن واضح ہے صوبے بننے چاہئیں، 28ویں ترمیم کے ذریعے توڑ پھوڑ کرنی ہے تو ہم اس کے ساتھ نہیں کھڑے، 28ویں ترمیم آئیگی توبانی سے ملاقات کے بعد فیصلہ کریں گے کیا کرناہے، ہم آئین توڑنے کا حصہ نہیں بنیں گے، صوبے بننے سے ریفرنڈم کا تعلق نہیں، ریفرنڈم صرف عوامی رائے لینے کیلئے ہوتا ہے، صوبے بنانے کیلئے صوبائی اسمبلی،سینیٹ اور قومی اسمبلی سے اجازت لینی چاہیے۔