گھر پر 11ہزار وولٹ تار گرنے سے بچی جاں بحق

کوئٹہ(خصوصی رپورٹ )بلوچستان کے ضلع تربت کے واسطو بازار میں بجلی کا ایک گیارہ ہزار وولٹ کا تار اچانک ایک رہائشی گھر پر آ گرا جس کے نیتجے میں بچی جاں بحق ہوگئی۔ریسکیو حکام کے مطابق تربت کے علاقے واسطو بازار میں یہ خوفناک حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں گھر میں موجود بچی کرنٹ لگنے سے جاں بحق جبکہ اس کا والد اور بھائی شدید زخمی ہو گئے۔ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کے فورا بعد زخمی ہونے والے باپ اور بیٹے کو فوری طبی امداد کے لئے ٹیچنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ تاہم، اسپتال کا برن یونٹ غیر فعال ہونے کی وجہ سے زخمیوں کو علاج کے دوران شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ واقعے کے بعد علاقہ مکینوں اور شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے، انہوں نے متعلقہ بجلی فراہم کرنے والے ادارے(کیسکو) سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں موجود بوسیدہ اور خطرناک تاروں کی فوری مرمت اور تبدیلی کی جائے تاکہ مزید کسی جانی نقصان سے بچا جا سکے۔