خواتین سے زیادتی کے بعد قتل کے واقعات میں 80 فیصد، ڈکیتی 47 فیصد ، رابری کے واقعات میں 68 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی:سی سی پی اوبلال
لاہور(کرائم رپورٹر)گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال لاہور میں جرائم کی وارداتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، شہر میں سنگین جرائم کی مجموعی شرح 45 فیصد کم ہوگئی۔ترجمان لاہور پولیس کے مطابق خواتین سے زیادتی کے بعد قتل کے واقعات میں 80 فیصد کمی ہوئی، ڈکیتی کی وارداتیں 47 فیصد جبکہ رابری کے واقعات میں 68 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔رپورٹ کے مطابق کار چوری کی وارداتوں میں 68 فیصد اور کار چھیننے کے واقعات میں 67 فیصد کمی آئی۔ موٹر سائیکل چھیننے کے واقعات 62 فیصد جبکہ موٹر سائیکل چوری کی وارداتیں 43 فیصد کم ہوئیں۔ اسی طرح جھپٹا مارنے کے واقعات میں 45 فیصد اور نقب زنی میں 34 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کا کہنا ہے کہ لاہور پولیس نے منظم جرائم کی روک تھام میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں، جرائم کی شرح میں کمی مؤثر پولیسنگ اور ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس کے 343 شہداء نے جرائم پر قابو پانے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔