پنجاب کے دریاؤں میں سونے کے ذخائر

 ابتدائی طور پر دریافت ہونے والے 75 ہزار تولہ سونے کی مالیت 30 ارب روپے سے زائد ہے
 جیولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کی رپورٹ میں دو بلاکس میں 4 لاکھ 80 ہزار تولہ سونا موجود ہونے کا انکشاف ہوا ہے
 اٹک، میانوالی اور دریائے ستلج کے علاقوں میں سونے کے ذخائر کو 9 بلاکس میں تقسیم کیا ہے:صوبائی وزیر سردار شیر علی
 لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب کے دریاؤں میں سونے کے ذخائر کی تلاش کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آگئی، نیسپاک کی ابتدائی رپورٹ میں ایک بلاک میں 75 ہزار تولہ سونا موجود ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔صوبائی وزیر معدنیات سردار شیر علی گورچانی نے پنجاب کے دریاؤں میں سونے کے ذخائر کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اٹک، میانوالی اور دریائے ستلج کے علاقوں میں سونے کے ذخائر کو 9 بلاکس میں تقسیم کیا گیا ہے۔صوبائی وزیر کے مطابق ابتدائی طور پر دریافت ہونے والے 75 ہزار تولہ سونے کی مالیت 30 ارب روپے سے زائد ہے، جبکہ سونا نکالنے کے لیے تقریباً 20 ارب روپے کی سرمایہ کاری درکار ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ سونے کے مجموعی ذخائر کی مالیت کئی سو ارب روپے تک پہنچنے کا امکان ہے۔ جیولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کی رپورٹ میں دو بلاکس میں 4 لاکھ 80 ہزار تولہ سونا موجود ہونے کا بھی انکشاف کیا گیا ہے۔حکومت کے مطابق نیسپاک نے باقی بلاکس میں سونے کی مقدار کا تعین کرنے کے لیے سروے شروع کر دیا ہے۔ تمام بلاکس کی حتمی رپورٹ مرتب ہونے کے بعد سونے کے ذخائر کی تلاش اور نکاسی کے لیے بین الاقوامی آکشن کا عمل شروع کیا جائے گا۔