لندن: برطانوی شہزادہ ہیری نے کہا ہے کہ اگر روس کے خلاف جنگ میں ضرورت پیش آئی تو وہ دوبارہ فوج میں خدمات انجام دینے کے لیے تیار ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ملک اور فوج کو ان کی ضرورت ہوئی تو وہ اپنی خدمات پیش کرنے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف کو یوکرین کے دورے کے دوران انٹرویو دیتے ہوئے شہزادہ ہیری نے یورپ کو درپیش سکیورٹی خطرات پر اظہارِ خیال کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ روسی خطرے کے پیشِ نظر یورپی ممالک کو اپنے دفاعی نظام اور فوجی تیاریوں کو مزید مضبوط بنانا چاہیے۔شہزادہ ہیری کے مطابق یوکرین کی مزاحمت اور جنگ کے دوران حاصل ہونے والے تجربات سے دنیا کو اہم سبق سیکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سابق فوجیوں کو ضرورت پڑنے پر دوبارہ فوجی خدمات کے لیے تیار رہنا چاہیے۔واضح رہے کہ شہزادہ ہیری ماضی میں برطانوی فوج میں خدمات انجام دے چکے ہیں اور افغانستان میں بھی تعینات رہے۔ فوج میں اپنے دورِ ملازمت کے دوران انہوں نے عملی جنگی تجربہ حاصل کیا تھا۔