کراچی: راولاکوٹ کے علاقے متیالمیرا میں دورانِ ڈیوٹی مسلح حملے کے دوران فائرنگ سے شہید ہونے والے پاکستان رینجرز (سندھ) کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ برکت علی کی نمازِ جنازہ کراچی میں ادا کر دی گئی۔
نمازِ جنازہ میں کور کمانڈر کراچی، شہید کے اہلِ خانہ، سینئر سول و عسکری حکام اور پولیس افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر شرکا نے شہید برکت علی کی فرض شناسی، بہادری اور ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے دی گئی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ شرکا نے شہید کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے صبر و استقامت کے لیے دعا بھی کی۔نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہید برکت علی کا جسدِ خاکی ان کے آبائی علاقے روانہ کر دیا گیا، جہاں انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔شہید برکت علی نے دورانِ ڈیوٹی اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ ان کی قربانی کو ملک میں امن و استحکام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات اور جدوجہد کا حصہ قرار دیا گیا ہے۔