لاہور: بلوچستان کے علاقے پسنی میں دفاعِ وطن کی خاطر جامِ شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے میجر وجاہت وحید شہید کو ان کے آبائی شہر لاہور میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا۔
شہید کی نمازِ جنازہ بحریہ ٹاؤن لاہور میں ادا کی گئی، جس میں اعلیٰ سول و عسکری حکام، سیاسی شخصیات اور اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تفصیلات کے مطابق میجر وجاہت وحید شہید کی نمازِ جنازہ میں گورنر پنجاب، کور کمانڈر لاہور، سینئر صوبائی وزراء، سول و ملٹری افسران اور شہریوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء نے شہید کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ملک و قوم کے دفاع کے لیے ان کی قربانی کو سراہا۔نمازِ جنازہ کے بعد قومی پرچم میں لپٹے شہید کے جسدِ خاکی کو پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ بعد ازاں انہیں فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا۔
میجر وجاہت وحید پسنی میں شہید ہوئے
یاد رہے کہ میجر وجاہت وحید نے 18 اکتوبر کو بلوچستان کے علاقے گوادر کی تحصیل پسنی میں دیسی ساختہ بارودی مواد (آئی ای ڈی) کے دھماکے کے نتیجے میں جامِ شہادت نوش کیا تھا۔ وہ ملک کے دفاع کے لیے فرائض انجام دے رہے تھے۔ان کی شہادت پر اہلِ خانہ، عزیز و اقارب اور شہریوں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، جبکہ ان کی قربانی کو ملک کے دفاع کے لیے ایک عظیم مثال قرار دیا گیا۔
پسماندگان میں والدہ، بیوہ اور معصوم بیٹی شامل
میجر وجاہت وحید شہید کے پسماندگان میں ان کی والدہ، بیوہ اور ایک معصوم بیٹی شامل ہیں۔ شہید کی تدفین کے موقع پر فضا سوگوار رہی اور اہلِ خانہ کے غم میں شریک افراد نے شہید کے بلند درجات اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔میجر وجاہت وحید شہید کی قربانی اس عزم کی یاد دہانی ہے کہ وطن کے دفاع اور امن و سلامتی کے لیے مسلح افواج کے اہلکار اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے عظیم قربانیاں پیش کرتے ہیں۔