پاکستان کا سندھ طاس معاہدے پر بھارت کو دوٹوک جواب، پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار

پاکستان کا سندھ طاس معاہدے پر بھارت کو دوٹوک جواب، پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار

اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے (IWT) کو یکطرفہ طور پر معطل کرنے اور پاکستان آنے والے دریاؤں کا پانی روکنے کی دھمکیوں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ مشترکہ آبی وسائل کو سیاسی دباؤ کے لیے استعمال کرنا بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔

 پاکستان نے واضح کیا ہے کہ پانی 24 کروڑ سے زائد پاکستانیوں کی زندگی، روزگار اور معاشی خوشحالی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے، اسے بطور ہتھیار استعمال کرنا علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرہ ہے۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے رکن ملک لائبیریا کے زیر اہتمام ’’قدرتی وسائل اور تنازعات: روک تھام اور امن کے لیے تعاون کا فروغ‘‘ کے موضوع پر منعقدہ آریا فارمولا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے نائب مستقل مندوب سفیر عثمان جدون نے کہا کہ مستقل ثالثی عدالت نے 31 اگست 2026ء کے فیصلے میں تصدیق کی ہے کہ سندھ طاس معاہدہ بدستور نافذ العمل ہے اور بھارت اس کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کا پابند ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کو یہ اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ بین الاقوامی قانون اور معاہداتی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مشترکہ قدرتی وسائل کو دوسرے ملک پر دباؤ ڈالنے یا سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے استعمال کرے۔سفیر عثمان جدون نے سلامتی کونسل کی قرارداد 2788 کا حوالہ دیتے ہوئے اقوام متحدہ کے منشور کے آرٹیکل 33 کے تحت تنازعات کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ سرحد پار قدرتی وسائل، بالخصوص پانی کے انتظام کے لیے تعاون، مذاکرات اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری ناگزیر ہے۔

انہوں نے قدرتی وسائل اور تنازعات کے باہمی تعلق پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ قدرتی وسائل کو استحصال اور کشیدگی کا ذریعہ بنانے کے بجائے پائیدار ترقی، مشترکہ خوشحالی اور امن کے فروغ کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔پاکستانی نائب مستقل مندوب نے افریقی ممالک کی جانب سے اپنے قدرتی وسائل پر خودمختار اختیار کے حصول کی جدوجہد کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بیرونی مداخلت، وسائل کا غیر قانونی استحصال، سیاسی محرومی، کمزور ادارے اور اشرافیہ کی جانب سے وسائل پر اجارہ داری قدرتی دولت کو تنازعات میں تبدیل کرنے کی اہم وجوہات ہیں۔انہوں نے جمہوریہ کانگو کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں معدنی وسائل کی بے پناہ دولت عوام کی خوشحالی کا ذریعہ بننے کے بجائے تنازعات کے تسلسل کا سبب بنی ہوئی ہے۔سفیر عثمان جدون نے قدرتی وسائل سے متعلق تنازعات کی روک تھام کے لیے تین اہم ترجیحات بھی پیش کیں۔ ان کے مطابق پہلی ترجیح تنازعات کی بنیادی سیاسی اور انتظامی وجوہات کا خاتمہ، جامع سیاسی مفاہمت اور وسائل کی منصفانہ تقسیم ہے۔

دوسری ترجیح غیر قانونی تجارت اور تنازعات کی مالی معاونت روکنے کے لیے سپلائی چین میں شفافیت، ذمہ دارانہ خریداری اور عالمی تعاون کو فروغ دینا ہے، جبکہ تیسری ترجیح ترقی پذیر ممالک کو سرمایہ کاری، مقامی پیداوار، پراسیسنگ، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور وسائل کی اضافی قدر سے فائدہ اٹھانے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔انہوں نے زور دیا کہ قدرتی وسائل کا انتظام اقوام متحدہ کے منشور، بین الاقوامی قانون اور قدرتی وسائل پر مستقل خودمختاری کے اصول کے مطابق ہونا چاہیے، جسے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قرارداد 1803 میں بھی تسلیم کیا گیا ہے۔سفیر عثمان جدون نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ عالمی برادری کو قدرتی وسائل کو استحصال، عدم مساوات اور تنازعات کے بجائے تعاون، مشترکہ خوشحالی اور پائیدار امن کا ذریعہ بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔

بھارتی نمائندے کے ریمارکس پر پاکستان کا حقِ جواب، سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی مسترد
دوسری جانب اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے آریا فارمولا اجلاس میں بھارتی نمائندے کے ریمارکس پر پاکستان نے حقِ جواب استعمال کرتے ہوئے بھارت کے مؤقف کو مسترد کر دیا۔ پاکستان کی جانب سے فرسٹ سیکرٹری انصار شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت حقائق سے توجہ ہٹانے، انکار کی روش اختیار کرنے اور بے بنیاد الزامات کے ذریعے اصل معاملے کو الجھانے کی کوشش کر رہا ہے۔انصار شاہ نے کہا کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔ یہ دو ہمسایہ ممالک کے درمیان ایک پابند بین الاقوامی معاہدہ ہے، جس میں کسی ایک فریق کو یکطرفہ طور پر اسے معطل کرنے کا اختیار حاصل نہیں۔انہوں نے بھارتی مؤقف پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ بھارت بار بار یہ دلیل دیتا ہے کہ سندھ طاس معاہدہ 1960ء میں طے پایا تھا اور اب دنیا بدل چکی ہے۔ اگر بھارت کے نزدیک پرانے معاہدے فرسودہ ہو چکے ہیں تو کیا اقوام متحدہ کا منشور بھی، جو 81 سال قبل نافذ ہوا تھا، اس کے نزدیک فرسودہ ہو گیا ہے؟ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر سے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادوں کو مسلسل نظرانداز کرنے کا بھارتی طرزِ عمل بھی اسی سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔

فرسٹ سیکرٹری انصار شاہ نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ بھارت نے علاقے میں نو لاکھ فوج تعینات کر رکھی ہے اور 1989ء سے اب تک بھارتی قابض افواج ایک لاکھ سے زائد کشمیری مردوں، خواتین اور بچوں کو شہید کر چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو ان کے بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ بنیادی حقوق اور حقِ خودارادیت سے محروم رکھا جا رہا ہے۔پاکستانی نمائندے نے بھارتی مستقل مندوب کی جانب سے پاکستان کے داخلی معاملات پر کیے گئے ریمارکس کو بھی غیر سنجیدہ اور نامناسب قرار دیتے ہوئے مسترد کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک قانون پسند اور امن دوست ملک ہونے کے ساتھ اقوام عالم کی برادری کا ذمہ دار رکن ہے۔ پاکستان قانون کی حکمرانی، آئین کی بالادستی اور جمہوری اصولوں پر پختہ یقین رکھتا ہے۔ پاکستانی عوام کو اپنے رہنما منتخب کرنے، نظامِ حکمرانی کا تعین کرنے اور بنیادی حقوق و آزادیوں کے استعمال کا اختیار حاصل ہے۔

انصار شاہ نے بھارت کی داخلی صورتحال پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہاں ہندوتوا نظریے پر مبنی نظام اقلیتوں کے خلاف امتیازی سلوک، آزادیٔ اظہار پر قدغنوں اور نفرت انگیزی کو فروغ دے رہا ہے۔ ان کے بقول بھارتی پروپیگنڈا مشینری اور میڈیا کے ذریعے عالمی برادری کو حقائق سے گمراہ نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ خود ساختہ بیانیے سے باہر نکل کر بین الاقوامی قانون، ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔ اس کے ساتھ اپنے تمام شہریوں، بالخصوص اقلیتوں کے حقوق اور آزادیوں کا تحفظ بھی یقینی بنائے۔

سندھ طاس معاہدے پر پاکستان کا واضح مؤقف
فرسٹ سیکرٹری انصار شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ سندھ طاس معاہدے کا معاملہ بالکل واضح ہے۔ بھارت یکطرفہ طور پر یہ اختیار حاصل کرنا چاہتا ہے کہ وہ خود طے کرے کہ کوئی معاہدہ کب نافذ العمل ہوگا، کب نہیں ہوگا اور اس کی تشریح میں کون سی نئی شرائط شامل کی جائیں گی۔ یہ معاہدوں کے قانون کی پاسداری نہیں بلکہ قانون شکنی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 24 کروڑ سے زائد پاکستانیوں کی زندگیوں اور روزگار کے لیے ناگزیر پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا کسی معاہدے کا ازسرِنو جائزہ نہیں بلکہ جبر اور دباؤ کا حربہ ہے، جو خطے میں تنازعات کو جنم دے سکتا ہے۔پاکستانی نمائندے نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی معاہدوں کی پاسداری اور مشترکہ قدرتی وسائل کے منصفانہ استعمال کو یقینی بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔