زور زبردستی سندھ کو تقسیم کرنے سے ایسی آگ لگے گی بجھانا مشکل ہو گا، جو ریفرنڈم کرائے گا سندھ میں امن و امان کی ذمہ داری بھی اسی پر ہو گی
حا لات اتنے خراب ہوں گے یہی محسن بھائی میرے پاس بھاگتے آئیں گے حالات سنبھالیں لیکن میں ہاتھ اٹھا لوں گا‘ہرپاکستانی کا حق ہے اپنا موقف دے
پریس کانفرنس میں دھمکی نہیں دی بلکہ خطرے سے آگاہ کیا تھا‘سٹیک ہولڈر ہوتے ہوئے آپ کو حالات کا بتارہاہوں، ہوش کے ناخن لیں:چیئرمین پی پی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا حکومت نے پی ٹی آئی سے لڑنے کا فیصلہ کیا، اب نیافیصلہ ہے جے یو آئی سے بھی لڑیں گے۔ لگتا ہے میرے سچ بولنے کے بعد مجھ سے بھی لڑنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ ردعمل سے لگتا ہے سچ سننے کا حوصلہ نہیں۔ایک انٹرویو میں بلاول بھٹو نے کہا مجھ سے اور صدر مملکت سے آج تک کسی نے صوبوں سے متعلق کوئی بات نہیں کی۔ بحث شروع کی ہے تو اسے جاری رکھنے کی بھی ہمت کریں۔ زور زبردستی سندھ کو تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی تو ساتھ نہیں دوں گا۔ کوئی ماننے کو تیارنہیں اس نظام میں شفاف الیکشن ہوسکتے ہیں۔ زور زبردستی سندھ کو تقسیم کرنے کے نتائج ہوں گے۔ ایسی آگ لگے گی کہ بجھانا مشکل ہو گا، جو ریفرنڈم کرائے گا سندھ میں امن و امان کی ذمہ داری بھی اسی پر ہو گی۔ حالات اتنے خراب ہوں گے کہ یہی محسن بھائی میرے پاس بھاگتے آئیں گے کہ حالات سنبھالیں لیکن میں ہاتھ اٹھا لوں گا۔انہوں نے کہا سسٹم ری سیٹ سے متعلق بات کی جارہی ہے، ہرپاکستان کاحق ہے وہ اس پراپناموقف دے، اگرکوئی ری سیٹ کی بات کررہا ہے تو اسکی شکل کیا ہوگی، ری سیٹ سیاسی ہوگا یا غیرسیاسی جمہوری ہوگا یاغیرجمہوری میں نے اس پربات کی۔ پریس کانفرنس میں دھمکی نہیں دی بلکہ خطرے سے آگاہ کیا تھا۔ پاکستان کے عوام پریشان ہیں اشرافیہ کواس کااندازہ نہیں، میں اسٹیک ہولڈرہوں آپ کومیری بات سنناہوگی، سٹیک ہولڈر ہوتے ہوئے آپکو حالت کا بتارہاہوں، ہوش کے ناخن لیں آپ کتنے محاذوں پر لڑناچاہتے ہیں۔ اگران میں میری بات سننے کا حوصلہ نہیں توعوام کی کیا سنیں گے۔