ریاض،صنعا(آئی این پی)سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پر حوثیوں کا کروز میزائل حملہ ناکام بنا دیا گیا، سعودی اتحاد نے میزائل کو فضا میں ہی روک کر تباہ کرنے کا دعوی کیا ہے۔غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اتحادی افواج نے بدھ کی علی الصبح اعلان کیا کہ اس نے ملک بھر میں حوثی باغیوں کے 60 فوجی اہداف پر حملے کیے ہیں۔اتحادی افواج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے بتایا کہ یہ حملے صنعا، عمران، صعدہ اور حدیدہ میں حوثی گروپ کے ٹھکانوں پر کیے گئے۔اتحادی افواج کے مطابق ان حملوں میں زیرِ زمین بیلسٹک میزائل ذخیرہ کرنے کی تنصیبات پر مشتمل سرنگوں کو تباہ کیا گیا، جبکہ ڈرون تیار کرنے اور ذخیرہ کرنے والی ورکشاپس کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ جن کے دوران چار صوبوں میں حوثیوں کے 60 فوجی اہداف تباہ کردئیے گئے۔۔دوسری جانب یمنی فورسز نے دعوی کیا ہیکہ فوجی کارروائیوں میں حوثیوں کے 178 جنگجو اورکمانڈر ہلاک جبکہ 74 فوجی گاڑیاں اور دیگر جنگی سازوسامان تباہ کردیا گیا ہے۔