فرخ بصیر
پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما اور شعبہ خواتین کی صدر فریال تالپور 12 سے 17نومبر تک اپنا 6 روزہ دورہ لاھور مکمل کر کے واپس جا چکی ہیں۔ بنیادی طور پر انکی لاھور آمد کا مقصد لاہور اور وسطی پنجاب کے تنظیمی معاملات پر توجہ مرکوز کرنا تھا مگر انکے اس دورے کو پنجاب میں پارٹی کی تنظیمِ نو، کارکنوں سے قیادت کے قریبی رابطوں کی بحالی اور آئندہ بلدیاتی و عام انتخابات کی تیاریوں کے تناظر میں دیکھا جا سکتا ہے۔لاہور کبھی پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاست کا اہم مرکز اور پنجاب میں اس کی عوامی قوت کا مرکز ہوا کرتا تھا۔ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو اور دختر مشرق بے نظیر بھٹو کے ادوار میں پیپلز پارٹی کو لاہور سمیت پنجاب کے شہری اور دیہی علاقوں میں ایک مضبوط سیاسی بنیاد حاصل رھی مگر وقت کے ساتھ ساتھ پنجاب کی انتخابی سیاست میں نادیدہ قوتوں کی ملی بھگت سیمسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے اثرورسوخ، سیاسی ترجیحات میں تبدیلی اور پیپلز پارٹی کے تنظیمی مسائل نے پنجاب میں اس کی سیاسی موجودگی کو شدید متاثر کیا۔پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور کے حالیہ دورے کی اہمیت اس اعتبار سے بھی بڑھ جاتی ہے کہ پارٹی قیادت نے پنجاب کو دوبارہ اپنی سیاسی ترجیحات میں نمایاں مقام دینے کا عندیہ دیا ہے۔ اس طویل دورے میں بزنس ٹائیکون عمر سلیم،ڈاکٹر عائشہ شوکت اور ڈاکٹر رضوان بھائیو کی قیادت میں بزنس اور سول سوسائٹی کی متعدد معروف شخصیات نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی جبکہ پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن اور پیپلز یوتھ پنجاب میں نئے خون کی شمولیت کیلئے انکے انٹرویو اور سلیکشن کیلئے6 رکنی کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے جسمیں راجہ پرویز اشرف ،حسن مرتضی،ندیم افضل چن،چودھری منظور،رانا فاروق سعید اور شہزاد سعید چیمہ شامل ہیں،فریال تالپور کی جانب سے پیپلز یوتھ آرگنائزیشن اور پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن کی نئی صوبائی قیادت کے انتخاب کے لیے قائم کمیٹی کے اجلاس کی صدارت قابلِ ذکر پیش رفت ہے۔تاہم نوجوانوں کو محض تنظیمی عہدے دینا کافی نہیں ہوگا بلکہ انہیں پالیسی سازی، سیاسی مباحثے، مقامی مسائل کے حل اور عوامی نمائندگی میں حقیقی کردار دینا بھی ضروری ہے۔اسی طرح شعبہ خواتین کی فعالیت کا پیمانہ صرف خواتین کے اجلاس یا تقریبات نہیں ہونا چاہیے، بلکہ خواتین کی مقامی قیادت، سیاسی نمائندگی اور فیصلہ سازی میں ان کی شرکت بھی ہونی چاہیے۔فریال تالپور کے 6روزہ دودے کے دوران پنجاب ایگزیکٹو ،لاھور،اربن،رورل،قصور،شیخوپورہ،ننکانہ کے علاؤہ پیپلز لائرز فورم،پنجاب،لاھور اور لاھور ہائیکورٹ،بلدیاتی ورکرز کنونشن،پارٹی کے نوٹیبلز،میڈیا پرسنز،جنوبی پنجاب تنظیم سے ملاقات کے علاؤہ لاھور جمخانہ میں شہزاد سعید چیمہ اور ماڈل ٹاؤن میں مخدوم احمد محمود کے عشائیے میں شرکت کی اور پارٹی کے سینئر رھنما امتیاز صفدر وڑائچ کے گھر انکی عیادت اور سابق رکن قومی اسمبلی چوھدری امجد میو سے انکی اھلیہ کی وفات پر تعزیت کرنے پتوکی گئیں اور پارٹی لیڈرشپ کیساتھ داتا دربار،بی بی پاک دامن اور دربار میاں میر پر بھی حاضری دی۔اس موقع پر انکیساتھ پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے سیکرٹری جنرل نیر حسین بخاری پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل ہمایوں خان کے علاؤہ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر،چیئر پرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سینٹر روبینہ خالد کے علاؤہ مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن،جنرل سیکرٹری پاکستان پیپلز پارٹی سید حسن مرتضی،قمر زمان کائرہ،چودھری منظور،رانا فاروق سعید ،شہزاد سعید چیمہ، مرتضی ستی،اور ندیم اصغر کائرہ کے علاؤہ سندھ کے سابق وزیر داخلہ سہیل انور سیال اور صوبائی ترجمان سعدیہ جاوید بھی موجود تھے۔
اپنے دورے کے دوران ہونے والے اجلاسوں اور کارکنوں سے ملاقاتوں اور خطاب سے ظاہر ہوتا ہے کہ قیادت کو اس حقیقت کا ادراک ہے کہ محض مرکزی رہنماؤں کی آمدورفت سے سیاسی قوت بحال نہیں ہوتی، بلکہ اس کے لیے مستقل تنظیمی سرگرمی، عوامی رابطہ اور مقامی سطح پر سیاسی موجودگی ضروری ہے۔ ادی فریال تالپور نے لاہور پہنچنے کے بعد پیپلز سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن کو اپنی تنظیمی سرگرمیوں کا محور بنایا اور وہاں وسطی پنجاب،لاھور اور لاھور رورل ڈویڑن کی قیادتوں کیساتھ سیاسی صورت حال، پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے اور مستقبل کے سیاسی لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا اور پارٹی تنظیموں کو ہدایت کی کہ پنجاب کے آئندہ بلدیاتی انتخابات کیلئے پیپلز پارٹی کو وارڈ سطح تک منظم کریں،نئی رکنیت سازی شروع اور کارکنوں کو متحرک کرنے کیساتھ ساتھ پارٹی ڈسپلن اور اندرونی اختلافات کو ختم کریں۔انہوں نے بطور خاص کہا کہ پیپلز پارٹی عوامی جماعت ہے اس میں گھٹن کا ماحول نہیں ہونا چاہیے،سب کو اپنی بات کرنے کا حق حاصل۔ہے۔انکا کہنا تھا کہ آئندہ بلدیاتی انتخابات کے لیے مضبوط امیدواروں کی نشاندہی کی جائے اور اس کیلئے مقامی سطح پر سیاسی جماعتوں،سماجی تنظیموں اور شخصیات سے اتحاد کر کے ان میں حصہ لیا جائے،یہ پہلو اس لیے اہم ہے کہ پنجاب کے مقامی انتخابات میں برادریوں، مقامی سیاسی شخصیات، سماجی تنظیموں اور علاقائی اثرورسوخ رکھنے والے افراد کا کردار بہت اھم۔ہوتا ہے۔فریال تالپور کے دورے کے دوران
لاہور میں پارٹی قیادت اور کارکنوں کے درمیان شکایات اور احتجاج کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔ بعض کارکنوں نے صوبائی قیادت کی عدم دستیابی اور رابطوں کے فقدان پر اعتراضات کیے تو بعض نے گورنر پنجاب اور چیئر پرسن بی آئی ایس پی تک رسائی پر تحفظات کا اظہار کیا جس پر ادی فریال تالپور نے حکومتی عہدوں پر موجود زمہ داران کو کارکنوں کے درمیان لا بٹھایا جسے کارکنوں نے سراہا ہے۔فریال تالپور نے کہا کہ وہ اگلے ماہ دوبارہ لاھور کے دورے پر آ کر پارٹی تنظیموں اور ونگز کی کارکردگی کا جائزہ۔لیں گی۔پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر نے پیپلز پارٹی کی پنجاب میں سیاسی کمزوری کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی پورے ملک میں موجود ہے اور پنجاب میں بھی اپنی تنظیم کو مضبوط بنانے کے لیے کوشاں ہے۔فریال تالپور نے کہا کہ یہ تاثر بھی غلط ہے کہ الیکشن ترقیاتی کاموں کے بل بوتے پر جیتے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عام آدمی اور ووٹرز کی خوشی غمی اور انکے مسائل حل کر کے ہی آپ اپنا مقام بنا سکتے ہیں۔
پنجاب میں پیپلز پارٹی کو درپیش بنیادی مسائل میں سر فہرست انتخابی سیاست میں اسکی محدود ہوتی ہوئی موجودگی ہے۔یہ بات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں کہ پنجاب بالخصوص پاکستان کی قومی سیاست کا فیصلہ کن انتخابی میدان ہے۔ یہاں کسی بھی جماعت کی سیاسی حیثیت کا اندازہ صرف اس کے مرکزی رہنماؤں، جلسوں یا بیانات سے نہیں بلکہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں نمائندگی، مقامی انتخابی نتائج اور عوامی سطح پر اس کے اثرورسوخ سے لگایا جاتا ہے۔پیپلز پارٹی کے لیے ایک بڑا مسئلہ یہ بھی ہے کہ پنجاب میں اس کی سابقہ انتخابی بنیاد اور موجودہ سیاسی
موجودگی کے درمیان نمایاں فرق ہے جسے پاٹنے کیلئے پارٹی کے پاس تاریخی سیاسی ورثہ، تجربہ کار رہنما اور ایک منظم سیاسی شناخت ضرور موجود ہے، لیکن ان عناصر کو مسلسل انتخابی حمایت میں تبدیل کرنا بڑا چیلنج ہو گا۔اس صورتحال میں پارٹی کو یہ جائزہ لینا ہوگا کہ کن اضلاع، تحصیلوں اور شہری حلقوں میں اس کی تنظیم موجود ہے، کہاں اس کا ووٹ بینک برقرار ہے اور کہاں اسے نئے سیاسی رابطوں کی ضرورت ہے۔لاہور صرف پنجاب کا دارالحکومت نہیں بلکہ قومی سیاسی بیانیے کی تشکیل کا گڑھ بھی سمجھا جاتا ہے۔ یہاں سیاسی جلسے، میڈیا، طلبہ تنظیمیں، مزدور یونینیں، تاجر برادری اور سول سوسائٹی قومی سیاست پر اثرانداز ہوتے ہیں،پیپلز پارٹی نے اگر لاہور سمیت پنجاب بھر میں بلدیاتی دنگل۔میں اترنا ہے تو اسے ہر یونین کونسل میں فعال رابطہ کمیٹی قائم کرنا ہو گی۔پارٹی رھنماوں تک عام آدمی کی رسائی آسان اور مہنگائی، بے روزگاری، تعلیم، صحت، ٹرانسپورٹ، پانی اور شہری سہولتوں کے مسائل پر مستقل عوامی آواز بننا ہو گا،لیکن اگر پارٹی کا سیاسی کردار صرف اہم مواقع پر پریس کانفرنسوں ،سیمینارز اور استقبالی تقریبات تک محدود رہا تو اس کی عوامی موجودگی اور تنظیمی فعالیت کے درمیان فاصلہ برقرار رہ سکتا ہے۔لاہور اور پنجاب میں پیپلز پارٹی کی سیاست کو شہری مسائل سے جوڑنا ہوگا۔ تعلیم، صحت، روزگار، کسانوں کے مسائل، صنعتی مزدوروں کے حقوق، چھوٹے کاروبار اور مہنگائی جیسے معاملات پر واضح پالیسی اور مستقل عوامی مکالمہ ضروری ہے۔اسی طرح شعبہ خواتین اور نوجوانوں کی تنظیموں کو پارٹی کی انتخابی اور سیاسی حکمت عملی کا حصہ بنایا جائے،پیپلز پارٹی کے لیے پنجاب میں اپنی الگ سیاسی شناخت برقرار رکھنا ایک اہم ہیاس لیے مستقبل کی صف بندی کا تعین صرف مرکزی قیادت کے بیانات سے نہیں بلکہ مقامی سیاسی مفادات، انتخابی حلقوں اور باہمی مشاورت سے ہوگا۔تاھم پیپلز پارٹی کے لیے یہ سوال اہم رہے گا کہ وہ پنجاب کی سیاست میں اپنا کردار کس بنیاد پر متعین کرتی ہے: پارلیمانی تعاون، انتخابی مقابلہ یا عوامی مسائل پر الگ سیاسی مؤقف؟فریال تالپور کے دورے کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ پارٹی کی مرکزی قیادت پنجاب کے معاملات کی نگرانی کے لیے نسبتاً زیادہ براہِ راست کردار ادا کرتی دکھائی دے رہی ہے۔پنجاب میں پیپلز پارٹی کی تاریخی شناخت آج بھی اس کی سیاسی گفتگو کا اہم حوالہ ہے، لیکن مستقبل کی سیاست صرف ماضی کی مقبولیت کے سہارے نہیں چل سکتی۔ اسے موجودہ سیاسی حقائق، نوجوان نسل کی ترجیحات، شہری و دیہی مسائل اور بدلتے ہوئے انتخابی ماحول کے مطابق اپنا کردار متعین کرنا ہوگا۔فریال تالپور کے دورے سے یہ بات ضرور واضح ہوئی ہے کہ مرکزی قیادت پنجاب کے معاملات کو زیادہ منظم انداز میں دیکھنے اور لاہور کو دوبارہ تنظیمی سرگرمیوں کا مرکز بنانے میں دلچسپی رکھتی ہے۔ اب اس دلچسپی کو مستقل سیاسی سرگرمی اور قابلِ پیمائش تنظیمی نتائج میں تبدیل کرنا پارٹی قیادت اور پنجاب کی مقامی تنظیموں کی مشترکہ ذمہ داری ہوگی۔ پنجاب میں پیپلز پارٹی کے مستقبل کا فیصلہ اس بات سے ہوگا کہ وہ اپنی تاریخی سیاسی وراثت کو موجودہ دور کے عوامی مسائل، مضبوط تنظیم سازی اور واضح سیاسی شناخت کے ساتھ کس حد تک جوڑ پاتی ہے