وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں ٹرائی نیشن سیریز میں شریک پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے کی کرکٹ ٹیموں کے لیے ظہرانہ کا اہتمام کیا ہے۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ تینوں ٹیموں نے سیریز میں شرکت کرکے جذبہ، مہارت اور لگن کا مظاہرہ کیا ہے، جس کی سب تعریف کرتے ہیں۔وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ کھلاڑی اپنے ملک کی بہترین نمائندگی کر رہے ہیں اور اسپورٹس مین اسپرٹ اور باہمی احترام کی مثال قائم کریں تاکہ نوجوان نسل کے لیے مثبت پیغام جائے۔ انہوں نے پی سی بی اور چئیرمین محسن نقوی کی قیادت میں سیریز کے بہترین انتظامات اور پیشہ ورانہ مہارت کی بھی تعریف کی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کا انعقاد ملک کے مثبت تشخص اور امن و استحکام کا ثبوت ہے، اور امید ظاہر کی کہ یہ سیریز کرکٹ کے ذریعے دوستی اور تعاون کو مزید مضبوط کرے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان آئندہ بھی دنیا بھر کی ٹیموں کی میزبانی جاری رکھے گا۔ظہرانے میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وفاقی وزیر عطا اللہ تارڑ، ریلویز کے وزیر حنیف عباسی، سری لنکن ہائی کمشنر ریئر ایڈمرل فریڈ سینیویراتھ اور زمبابوے کے ہائی کمشنر ٹائیٹس ابو بسوتو بھی موجود تھے۔