آئندہ برس مون سون کے نقصانات سے بچنے کیلئے ابھی سے تیاری کی جائے:وزیراعظم شہباز شریف

آئندہ برس مون سون کے نقصانات سے بچنے کیلئے ابھی سے تیاری کی جائے:وزیراعظم شہباز شریف

 وزیر اعظم شہباز شریف نے موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے صوبوں کے ساتھ مل کر مربوط منصوبہ بندی کی ہدایت دی ہے، اور کہا ہے کہ پیش کردہ قلیل مدتی منصوبے پر فوری عملدرآمد شروع کیا جائے۔

وزیراعظم کی زیرصدارت موسمیاتی تبدیلی سے متعلق حکومتی حکمت عملی کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں وزیر اعظم کو آئندہ سال کے مون سون کے حوالے سے عالمی تخمینوں اور وزارت موسمیاتی تبدیلی کی جانب سے پیش کردہ قلیل، وسط اور طویل مدتی منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔اس اجلاس میں وزیراعظم نے آئندہ سال مون سون میں جانی اور مالی نقصان سے بچاؤ کے لیے تیاری اور قلیل مدتی منصوبے کی منظوری دی، اور ہدایت کی کہ ان پر فوری عملدرآمد کیا جائے۔ اس کے علاوہ، انہوں نے نیشنل واٹر کونسل کا اجلاس جلد از جلد منعقد کرنے کی بھی ہدایت دی۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آئندہ برس مون سون سے پیدا ہونے والے مشکلات سے بچاؤ کے لیے ابھی سے تیاری ضروری ہے۔

انہوں نے وزارت موسمیاتی تبدیلی، وزارت منصوبہ بندی اور نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو مل کر ایک مربوط حکمت عملی بنانے اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ تعاون سے منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے زور دیا کہ پیش کردہ قلیل مدتی منصوبے پر فوری عملدرآمد شروع کیا جائے، اور کہا کہ ہر تین سال میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے جی ڈی پی کا خاطر خواہ حصہ خرچ ہوتا ہے، جس کا زیادہ تر استعمال موسمیاتی تبدیلی کے نقصان سے بچاؤ کے لیے ہوتا ہے، نہ کہ ترقی کے لیے۔وزیراعظم نے یہ بھی نشاندہی کی کہ پاکستان کا موسمیاتی تبدیلی میں کردار کم ہے، لیکن ملک اس کے منفی اثرات سے بری طرح متاثر ہورہا ہے۔