فلسطینی پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فضائی حملہ؛ 13 افراد شہید، متعدد زخمی

فلسطینی پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فضائی حملہ؛ 13 افراد شہید، متعدد زخمی

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

 تازہ کارروائی میں اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں واقع ایک فلسطینی پناہ گزین کیمپ کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 13 افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ حملہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب اسرائیلی فوج جنوبی غزہ کے رفح اور خان یونس کے مختلف علاقوں میں بھی فضائی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے، جبکہ اس سے قبل مشرقی غزہ شہر پر بھی شدید بمباری کی گئی تھی۔دوسری جانب مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی اسرائیلی فورسز کے چھاپوں کا سلسلہ نہ رک سکا۔ جنین، طوباس، بیت لحم اور الخلیل سمیت کئی علاقوں میں کارروائیاں جاری ہیں۔ الخلیل کے نزدیک بیت عمر کے علاقے میں ایک گھر پر دھاوا بول کر اہل خانہ کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور گھر کا مرکزی دروازہ سیل کردیا گیا۔ اسی طرح جنین کے قریب الیامون میں ایک 14 سالہ لڑکے کو گھر کے اندر گولی مار دی گئی، جسے تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔واضح رہے کہ اکتوبر 2023ء سے جاری اسرائیلی جنگ کے دوران اب تک کم از کم 69,483 فلسطینی شہید اور 170,706 زخمی ہو چکے ہیں۔